پیپلز پارٹی نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران تین لاکھ سے زائد لوگوں کو ملازمتیں فراہم کی ہیں، سابق وزیراعلیٰ

صوبے کے ایک لاکھ 80ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کی ہے ،اب وہ معاشرے میں کامیاب شہریوں کی حیثیت سے زندگی بسر کررہے ہیں،سندھ سید قائم علی شاہ

منگل 10 اپریل 2018 23:26

پیپلز پارٹی نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران تین لاکھ سے زائد لوگوں کو ملازمتیں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2018ء) سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران تین لاکھ سے زائد لوگوں کو ملازمتیں فراہم کی ہیں اور صوبے کے ایک لاکھ 80ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کی ہے جس کے نتیجے وہ اب معاشرے میں کامیاب شہریوں کی حیثیت سے زندگی بسر کررہے ہیں انہوں نے یہ بات منگل کو وقفہ سوالات کے دوران اپنے ایک پوائنٹ آف آرڈر پر حکومت سندھ کے فنی تربیت سے متعلق محکمہ اسٹیوٹا کی کارکردگی سے متعلق اظہار خیا ل کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی جانب سے جن لوگوں کو تربیت فراہم کی گئی ان میں سے 30 ہزار لوگوں کو مختلف صنعتوں میں ملازمتیں مل گئیں جبکہ90 افراد کو پاک فضائیہ نے ملازمت دیدی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور یوتھ ڈولپمنٹ پروگرام سے لاکھوں لوگوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ بے روزگاری کا خاتمہ پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ہم نے صرف زبانی دعوے نہیں کئے بلکہ عملی طور پر کام بھی کرکے دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کاموں سے متاثر ہوکر یورپی یونین کی جانب سے 16ملین ڈالر کی امداد بھی فراہم کی گئی، سندھ میں جو نوجوان میٹرک سے آگے تعلیم حاصل نہیں کرسکے تھے انہیں براہ راست بہترین تربیت فراہم کرکے کار آمد شہری بننے کے مواقع فراہم کئے گئے۔