جلد بجٹ منظور نہ کیا جائے، آئین کے تحت نگران حکومت چار ماہ تک اخراجات کر سکتی ہے ، رضا ربانی

ملک میں انجینئرڈ سیاسی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سیاسی جماعتوں کی توڑ پھوڑ ملکی مفاد میں نہیں، سینیٹ میں یوم آئین کے حوالے سے خطاب

منگل 10 اپریل 2018 21:02

جلد بجٹ منظور نہ کیا جائے، آئین کے تحت نگران حکومت چار ماہ تک اخراجات ..
ْاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ بجٹ جلد منظور نہ کیا جائے، آئین کے تحت نگران حکومت چار ماہ تک اخراجات کرسکتی ہے ، بجٹ کی منظوری نئی پارلیمنٹ دے گی، ملک میں انجینئرڈ سیاسی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سیاسی جماعتوں کی توڑ پھوڑ ملکی مفاد میں نہیں۔

منگل کو سینیٹ اجلاس میں یوم آئین کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ ملک میں انجینئرڈ سیاسی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، سیاسی جماعتوں کی توڑ پھوڑ ملکی مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کو رول بیک کرنے، علاقائی جماعتیں بنانے اور قومی جماعتوں کو توڑنے سے وفاق کو نقصان ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کو رول بیک کیا گیا تو اس سے خدانخواستہ وفاق کا شیرازہ بکھرنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دلدل سے نکلنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ آئین کے تحت تمام ادارے اپنے دائرہ میں رہ کر کام کریں اور صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام کے حقیقی نمائندوں کو اقتدار منتقل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ جلد منظور نہ کیا جائے، آئین کے تحت نگران حکومت چار ماہ تک اخراجات کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی منظوری نئی پارلیمنٹ دے گی ۔