فاروق ستار بہادرآباد آکر کام کریں ہم ساتھ کھڑے ہیں، خالد مقبول صدیقی

کچھ لوگ ایم کیو ایم کو کمزور کرنے کی کوششیں کررہے ہیں ،کنوینر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 10 اپریل 2018 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2018ء) ایم کیو ایم پاکستان (بہادرآباد) رابطہ کمیٹی کے کنوینرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ فاروق ستار 5 فروری والی رابطہ کمیٹی چلانے کے لیے آجائیں ہم ساتھ کھڑے ہیں تاہم 15 اور 16 اپریل کے بعد جو آئے گا وہ کارکن کی حیثیت سے آئے گا۔منگل کوکراچی میں پریس کانفرنس کے دوران خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم فاروق ستار کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں اور ان سے رابطوں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، آخری بار رابطے پر فاروق ستار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی درخواست کی تھی، فاروق ستار نے کہا آپ کے بار بار آنے سے میری پوزیشن خراب ہوتی ہے، ہم ان کی مشکل کو سمجھتے ہیں، امید ہے فاروق بھائی کے ساتھ مسئلہ کسی حل تک پہنچ جائے گا۔

(جاری ہے)

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کچھ لوگ ایم کیو ایم کو کمزور کرنے کی کوششیں کررہے ہیں، ہم نے اختلافات کا کسی نہ کسی طور پر حل نکالنے کی کوشش کی، مجھے ذاتی طورپر کامران ٹیسوری سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن فاروق بھائی ایسی خواہش کرر ہے ہیں جس کو پورا کرنے کا اختیار نہیں، رابطہ کمیٹی نے ہمیں کنوینر اور ڈپٹی کنوینر بنایا ہے، میں رابطہ کمیٹی کو نہیں بلکہ رابطہ کمیٹی مجھے سبکدوش کرسکتی ہے، فاروق ستارآئیں اور بہادرآباد آکر کام کریں، ان کے وقارکی ذمہ داری میری ہے، فاروق ستار کو 5 فروری کے بعد والے حالات یاد بھی نہیں رہیں گے، 15، 16 اپریل تک ساتھی واپس آجائیں اور پرانی ذمیداریوں پر کام کریں، اس کے بعد آنے والے لوگوں کی ذمہ داریوں کا تعین نئے سرے سے کیا جائے گا۔