پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل چاہتا ہے‘اقوام متحدہ قتل وغارت گری روکنے میں اپنا کرداراداکرئے۔وزیراعظم عباسی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری سے ملاقات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 10 اپریل 2018 13:25

پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل چاہتا ہے‘اقوام متحدہ قتل ..
سان یان(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 اپریل۔2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو سامنے لانے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اپنا کردار ادا کریں ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی فائرنگ سے نہتے شہری شہید ہورہے ہیں-وزیراعظم نے چین میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹرس سے ملاقات کی ہے -سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا-انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے. پاکستان نے اپنی سرزمین سے دہشت گرد عناصر کے خاتمے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے-اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنر ل انٹونیو گٹرس نے کہا کہ پاکستان کی اقوام متحدہ امن آپریشنز میں معاونت قابل تعریف ہے ‘ مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال اور بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں معصوم شہریوں کے قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل چاہتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ بھارتی مظالم کو سامنے لانے میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کریں۔

ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی فائرنگ سے شہری شہید ہورہے ہیں بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان نے اپنی سرزمین سے دہشت گرد عناصر کے خاتمے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں‘ دنیا پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے۔

وزیراعظم نے روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر بھی تشویش کا اظہار کیا .اس موقع پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیو گٹرس نے انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا پاکستان نے افغان مہاجرین کی انسانیت کی بنیاد پر مدد کی۔ پاکستان کی اقوام متحدہ امن آپریشنلز میں معاونت قابل تعریف ہے۔ مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔

وزیراعظم نے انتونیو گوئیٹریس سے کہا کہ بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا استعمال تشویشناک ہے‘ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازع کا حل چاہتا ہے۔وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے یہ بھی کہا کہ بھارت نے سیز فائر کی خلاف ورزیاں بند نہ کیں تو حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوئیٹریس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ بات چیت ضروری ہے۔ ملاقات میں وزیر خارجہ خواجہ آصف‘ وزیر داخلہ احسن اقبال اور سفیر مسعود خالد موجود تھے۔