پاکستانی اور بھارتی نوجوان کھلاڑیوں کے سینئرز کیلئے احترام کا فرق آئی پی ایل میں سامنے آگیا

پیر 9 اپریل 2018 19:49

پاکستانی اور بھارتی نوجوان کھلاڑیوں کے سینئرز کیلئے احترام کا فرق ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9اپریل 2018ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک وہ لمحہ تھا جب شاہین شاہ آفریدی نے شاہد آفریدی کی وکٹ حاصل کرنے کے باوجود جشن نہیں منایا ،شاہین آفریدی کی ہر جانب سے تعریف کی گئی لیکن دوسری جانب نوجوان بھارتی کھلاڑی اپنے سینئرز کی عزت کرنا تو دور کی بات، انہیں گالی دینے سے بھی نہیں کتراتے جس کی تازہ ترین مثال اس وقت دیکھنے میں آئی جب مایہ ناز بھارتی بلے باز اور کپتان ویرات کوہلی کو ایک جونیئر کھلاڑی نے آﺅٹ کرنے کے بعد گالی بھی دے ڈالی ۔

کلکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان میچ میں ویرات کوہلی 33 گیندوں پر 31 رنز بناکر فرسٹ کلاس کرکٹر نتیش رانا کی گیند پر بولڈ ہوئے لیکن کرکٹ شائق یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ نتیش نے ناصرف کوہلی کو آﺅٹ کرنے کا بھرپور جشن منایا بلکہ گالی بھی دی۔

(جاری ہے)

24سالہ نتیش رانا نے ابھی تک اپنے انٹر نیشنل کیریئر کا آغاز نہیں کیا لیکن سینئر کھلاڑی کیلئے اپنائے گئے روئیے پر تنقید کی زد میں ہیں۔

ان کی یہ غیر مہذب ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہور رہی ہے اور جہاں بھارتی شائقین کرکٹ نتیش رانا کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہیں پاکستانی کرکٹ دیوانے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے شاہین آفریدی اور شاہد آفریدی کی مثالیں دے رہے ہیں جنہوں نے اپنے سینئرز کو آﺅٹ کرنے کے بعد جشن نہیں منایا تھا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نوجوان کھلاڑی شاہین آفریدی تو ایک طرف، سٹار آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے بھی پی ایس ایل میچ کے دوران مصباح الحق کی وکٹ اڑائی تھی تو اپنے مخصوص انداز میں جشن منانے کا فیصلہ کیا لیکن اگلے ہی لمحے مصباح کے احترام میں یہ فیصلہ واپس لے لیا تھا۔