کراچی میں انسداد پولیو مہم شروع، کمشنر کراچی نے افتتاح کر دیا

پیر 9 اپریل 2018 20:39

کراچی میں انسداد پولیو مہم شروع، کمشنر کراچی نے افتتاح کر دیا
کراچی ۔ 9 اپریل (اے پی پی(کراچی میں پیر سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی۔ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے عبدالستار پیرزادہ ڈسپنسری مسلم آباد میں مہم کا افتتاح کیا، مہم 15 اپریل تک جاری رہے گی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 23 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، چھ ماہ سے زائد پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو وٹامن اے بھی پلایا جائے گا، اس سے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہو گا، کراچی کی تمام 188 یونین کونسلوں میں مہم پر عملدرآمد کیا جائے گا، 9 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیںفرائض انجام دیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شرقی افضل زیدی، اسسٹنٹ کمشنر جمشید عمر رندھاوا ، کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر نصرت علی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر مسعود سولنگی روٹری کلب کے نمائندے اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ کراچی میں انسداد پولیو کی کوششیں صحیح سمت میں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال تک کی عمر کے اسکولوں کے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، نجی اسکولوں میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کا نجی اسکولوں سے رابطہ ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ تعاون کریں اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی کوششیں کامیاب کر نے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے پولیو کے خاتمہ کی جدوجہد جلد کامیاب ہو گی اور پاکستان پولیو سے پاک ملکوں کی فہرست میں شامل ہو گا۔ کمشنر نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی، 5 ہزار زائد سیکورٹی اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

متعلقہ عنوان :