صدقہ برائی کے 70دروازے بند کرتا ہے،محمد اطہر عطاری

پیر 9 اپریل 2018 20:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن محمد اطہرعطاری نے کہا کہ ہے راہ خدا میں مال خرچ کرنے سے برکتیں حاصل ہوتی ہیں ،واقعی جو اللہ کی راہ میں اخلاص کے ساتھ صدقہ کرتا ہے ، اللہ اس کو دگنا اجر عطا فرماتا ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ عطا فرماتا ہے ، صدقہ کا مطلب یہ ہے کہ کوئی چیز اللہ عزوجل کی را ہ میں دی جائے اور اس کے ذریعے لوگوں میں اپنی واہ واہ کرانا مقصود نہ ہو ،بلکہ اللہ عزوجل کی بار گاہ سے اجر و ثواب حاصل کرنے کی نیت کی جائے ،حقیقی صدقہ وہی ہے جس سے مقصود ریاکاری ،حب جاہ اور لوگوں میں اپنی واہ اواہ نہ ہو بلکہ صرف اللہ عزوجل کی رضا وخوشنودی اور اس کی طرف سے ملنے والے ثواب کو حاصل کرنے کی غرض سے دیا گیا ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد غوثیہ مہاجر کیمپ میںبیان کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدقہ برائی کے 70دروازے بند کرتا ہے ،ہر شخص بروز قیامت اپنے صدقے کے سائے میں ہوگا ،یہاں تک کہ لوگوںکے درمیان فیصلہ فرمادیا جائیگا ،صدقہ کرنے والوں کو صدقہ قبر کی گرمی سے بچاتا ہے اور بلا شبہ مسلمان قیامت کے دن اپنے صدقے کے سائے میں ہوگا ۔

محمداطہر عطاری نے کہا کہ بہت خوش نصیب ہیں وہ مسلمان جو اپنے مال کے حقوق واجبہ ادا کرتے ہیں ،اپنا مال والدین ،بہن بھائی اور اولاد پر خرچ کرتے ہیں،ہمیں چاہئے کہ کنجوسی سے کام لینے کی بجائے اچھی اچھی نیتوں اور اخلاص کیساتھ دل کھول کر صدقہ وخیرات کیا کریں ۔ظاہر ہے کہ ہمارے پاس جو کچھ بھی ہے ،وہ اللہ عزوجل ہی کا دیا ہو اہے ،لہٰذااسی کے دئے ہوئے مال میں سے اسی کی رضا کیلئے صدقہ کرنا یقینا نعمتوں میں مزید اضافہ کا باعث ہوگا ،جبکہ اس کے برعکس قدرت کے باوجود صدقہ وخیرت سے ہاتھ روک لینا اللہ عزوجل کی طرف سے ملنے والی نعمتوں سے محرومی کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں بھی چاہئے کہ وقتاً فوقتاً اللہ عزوجل کی راہ میں حسب توفیق ضرور صدقہ کیا کریں ،ان شاء اللہ عزوجل ہمیں اس کی بے شمار دینی ودنیاوی برکتیں حاصل ہوگی۔