امریکی سفارتکار کی جانب سے پاکستانی شہری کو کچلنے کے واقعہ کے خلاف قرار پنجاب اسمبلی میں جمع

پیر 9 اپریل 2018 20:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حناء پرویز بٹ نے امریکی سفارتکار کی جانب سے پاکستانی شہری کو کچلنے کے واقعہ کے خلاف قرار پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی ۔ پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی قرار داد میں کہا گیا کہ ا مریکی سفارتکار نے سیگنل بھی توڑا اور ایک شہری کو گاڑی کے نیچے بے دردی سے کچل دیا اوردوسرے کو شدید زخمی کردیا ۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے دفتر خارجہ سے تعاون نہ کرنا انتہائی ناقابل برداشت ہے ۔

(جاری ہے)

قرار داد کے متن میں مزید کہا گیاکہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ہر غیر ملکی پر اس ملک کے قوانین لاگوہوتے ہیں وہ جس ملک میں بھی عارضی یا مستقل رہائش پذیر ہے ۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ بے گناہ شہری کو بے دردی سے کچلنے والے امریکی سفارتکار کو فوری گرفتار کیا جائے ۔ اگر پاکستانی وزیراعظم امریکہ میں جا کر وہاں کے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے تلاشی دے سکتے ہیں تو ہر ملک کے سفارتکار وں پر بھی لازم ہے کہ وہ پاکستان کے قوانین کی پاسداری کرے ۔ بے گناہ شہری کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے ۔ اس کیس کو مثال بنایا جائے تاکہ ریمنڈ ڈیوس جیسے واقعات کی تاریخ دوبارہ نہ دوہرائی جاسکے ۔