اوور سیز پاکستانی کی 132کنال اراضی اور گھرسگے چچا کے قبضہ سے واگذار

شارجہ میں مقیم محمد سعد کی 6 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت اراضی اور گھر و اگذار کرانے کے بعد مالک کے حوالے کر دیے گئے

پیر 9 اپریل 2018 20:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) اوور سیز پاکستانیز کمیشن (اوپی سی)پنجاب، سمندرپار مقیم پاکستانی کیلئے امید کی کرن ثابت ہوا ہے اور وہ اس کی معاونت سے 6کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی 132 کنال وراثتی زرعی اراضی اور گھر واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیاہے جس پر اس کے سگے چچا نے قبضہ کر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

وائس چیئرپرسن او پی سی سینیٹر شاہین خالد بٹ اور افضال بھٹی نے بتایا کہ شارجہ متحدہ عرب امارات میں مقیم محمد سعد نے شکایت درج کروائی کہ سگے چچا نے گائوں چکی ضلع اٹک میں واقع ان کی 132 کنال اراضی اور گھر پر قبضہ کر رکھا ہے جس کو واگذار کرا یا جائے۔

یہ شکایت ڈسٹرکٹ اوور سیز پاکستانیز کمیٹی اٹک کو بجھوائی گئی جس کے ارکان نے دونوں فریقین کو سنا اور باہمی مصالحت کے نتیجے میں زمین اور گھر سے ناجائز قبضہ ختم کروا کر اسے اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا۔ شاہین خالد بٹ اور افضال بھٹی نے بتایا کہ او پی سی کی کوششوں سے ابتک ہزاروں اوور سیز پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے۔