نوجوان کو ہلاک کرنیوالے امریکی ملٹری اتاشی کی بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام، نام واچ لسٹ میں شامل کرلیا گیا

کرنل جوزف کے ملک سے فرار ہونے کا خطرہ ہے، نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ، اسلام آباد پولیس کا وزارت داخلہ کو خط، ملزم کا ڈرائیونگ لائسنس کینسل کردیا گیا

پیر 9 اپریل 2018 20:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کو ہلاک کرنیوالے امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، نام واچ لسٹ میں شامل کرلیا گیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کو ہلاک کرنیوالے امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کے بیرون ملک بھاگنے کے پیش اس کا نام واچ لسٹ میں شامل کر لیا گیا۔

ملٹری اتاشی کے حوالے سے ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر امیگریشن حکام کو آگاہ کرتے ہوئے الرٹ کردیا گیا ہے۔ سمندری اور زمینی راستوں پر تعینات بھی امیگریشن حکام کو امریکی ملٹری اتاشی کا نام دے دیا گیا ہے تاکہ وہ فرار نہ ہونے پائے۔نجی ٹی وی کے مطابق کرنل جوزف نے گزشتہ روز بھی بیرون ملک بھاگنے کی کوشش کی تھی جسے وفاقی پولیس نے ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کے بیرون ملک فرار ہونے کی خبر ملنے پر پولیس نے ائیر پورٹ کا گھیراؤ کرلیا۔ ایئرپورٹ پر پولیس کی موجودگی کی اطلاع پا کر کرنل جوزف راستے سے ہی واپس چلا گیا۔ کرنل جوزف غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے بیرون ملک فرار ہونا چاہتا تھا لیکن وفاقی پولیس نے ملٹری اتاشی کے ایئر ٹکٹ کا سراغ لگا کر اس کے فرار کی کوشش ناکام بنادی۔اسلام آباد پولیس نے کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ملزم ملک سے فرار ہونے کا خطرہ ہے اس لئے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، ملزم کا پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس بھی کینسل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :