آل کراچی تاجر اتحاد کا وفد سندھ تاجر کنونشن میں شرکت کیلئے سکھر روانہ ہو گیا

پیر 9 اپریل 2018 20:01

آل کراچی تاجر اتحاد کا وفد سندھ تاجر کنونشن میں شرکت کیلئے سکھر روانہ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء) کراچی کے تاجروں کا نمائندہ وفد آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی سربراہی میں سندھ تاجر کنونشن میں شرکت کیلئے پیر کو سکھر روانہ ہو گیا۔ وفد میں سندھ تاجر اتحاد کے جنرل سیکریٹری محمد اسماعیل لالپوریہ، اے کے ٹی آئی سپریم کونسل کے رکن سمیع اللہ خان اور دیگر تاجر نمائندگان شامل ہیں۔

کنونشن (آج) منگل کو ہو گا جس کا انعقاد سکھر اسمال ٹریڈرز کی جانب سے کیا جا رہا ہے جس میں نومنتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری بھی ہوگی۔ عتیق میر اور آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکریٹری جنرل عبدالرزاق ببر کنونشن کے مہمانانِ خصوصی ہوں گے۔ عتیق میر نے ایک بیان میں وفاقی بجٹ، قومی انتخابات اور نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے قبل سندھ تاجر کنونشن کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بڑھتی ہوئی مالیاتی مشکلات میں تاجروں کیلئے ٹیکس سسٹم کو فرینڈلی بناکر محصولات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے، تاجرانِ پاکستان معیشت کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ کے تاجر اور عوام بلدیاتی مسائل، اسٹریٹ کرائم، پانی، بجلی، ٹریفک و دیگر منصوبوں کی عدم موجودگی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے سہولتوں اور مراعات کے بغیر ٹیکس دہندگان کی تعداد اور محصولات میں اضافہ مشکل ہو گا۔

متعلقہ عنوان :