ایمنسٹی سکیم پر تنقید کرنے والے سیاستدان ملک و قوم سے مخلص نہیں ،عمران احمد شاہ

پیر 9 اپریل 2018 20:01

ساہیوال۔9 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء)ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ نے کہاہے کہ حکومت پاکستان کی طر ف سے جاری کی گئی ایمنسٹی سکیم مسلم لیگ ن کا ایک اچھا اقدام ہے، اس پر تنقید کرنے والے سیاستدان ملک و قوم سے مخلص نہیں ، ایمنسٹی سکیم کا مقصد ایسے افراد کو ٹیکس نیٹ کے دائرہ میں لانا ہے جو ٹیکس ادا نہیں کر رہے، اگر ٹیکس نہ دینے والوں سے ٹیکس ریکوری کرنا درست نہیں تو پھر کچھ بھی ٹھیک نہیں ہو سکتا ۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات میں انہوںنے کہاکہ عوام آئندہ انتخابات میں کردار کشی کی سیاست کرنے والی سیاسی جماعتوں کو مسترد کرکے کارکردگی کے بل بوتے پر مسلم لیگ ن کو ووٹ دیکر کامیاب کروا کر تعمیر و ترقی کا عمل جاری رکھنے کا اظہار کر رہے ہیں جس سے دھرنا سیاست اور روڑے اٹکانے والی سیاسی جماعتوں کے قائدین انتہائی خوفزدہ ہیں ، انہوںنے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں خرید و فروخت اور آئین کے منافی اقدام کرنے والوں سے باز پرس ہونی چاہئے، مسلم لیگ ن وہ واحد جماعت ہے جب بھی برسر اقتدار میں آئی ملکی تعمیر و ترقی کیلئے عملی اقدامات کئے جس کے باعث عوام بھی خوشحال ہوئے ، انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا بجلی بحران کا خاتمہ ریکار ڈ کارنامہ ہے جو گزشتہ حکومت اپنے دورمیں انجام نہ دے سکی اور ملک کو اندھیروں میں ڈبو کر کارخانوں ‘ ملوں اور صنعتوں کو بند کروانے میں اہم کردار اداکیا جبکہ مسلم لیگ ن نے برسراقتدار آکر نہ صرف بجلی بحران کو ختم کیا بلکہ بند صنعتوں کو شروع کروا کر پیداواری مصنوعات میں ریکارڈ اضافہ کیا۔