ایگریکلچر ایڈوائزری اور ٹاسک فورس سب کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کا انعقاد

پیر 9 اپریل 2018 20:01

ملتان۔9 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء) ایگریکلچر ایڈوائزری اور ٹاسک فورس سب کمیٹی کا مشترکہ اجلاس بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ان کمیٹیوں میں زرعی شعبہ سے متعلق تمام سٹیک ہولڈرز کو نمائندگی دی گئی ہے، ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں کاشتکاروں کے بنیادی سطح کے مسائل سے آگاہی حاصل ہوتی ہے جن کے بروقت حل کیلئے تمام متعلقہ حکام کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی جاتی ہیں اور آئندہ ماہ ہونے والی میٹنگ میں ان کے حل کے سلسلہ میں عملدرآمد پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے، ان خیالات کا اظہار نادر چٹھہ ڈپٹی کمشنر ملتان نے ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی و ٹاسک فورس سب کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، کسانوں کی خوشحالی سے ہی ملکی خوشحالی منسلک ہے، تمام محکمہ جات کے افسران و فیلڈ عملہ کاشتکاروں کی رہنمائی میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ زرعی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جاسکے، انہوں نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے محکموں کے افسران کے بارے میں سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ماہ منعقد ہونے والے اجلاس میں ان کی حاضری یقینی بنائی جائے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو معیاری کھادوں اور زرعی زہروں کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے، جعلی پیسٹی سائیڈز اور فرٹیلائزر کے تحت جاری مقدمات کی عدالتوں میں پیروی کے عمل میں تیزی لائی جائے اور اس سلسلہ میں محکمہ پراسیکیوشن اورمحکمہ زراعت کے افسران آپس میں کوارڈینیشن بڑھائیں تاکہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں مجرموں کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جاسکیں، انہوں نے اجلاس میں شریک افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ خادم پنجاب کسان پیکیج کے ثمرات شفاف انداز میں کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچائے جائیں اور کسانوں کی فلاح وترقی کیلئے تمام جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کپاس کی بوائی کے دوران کاشتکاروں کی تر بیت اور رہنمائی میں محکمہ زراعت کا فیلڈ عملہ بھر پورعملی کردار ادا کرے، اس موقع پر انہوں نے محکمہ انہار کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی منصفانہ اور وارہ بندی شیڈول کے مطابق تقسیم یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری نیاز احمد نے محکمہ زراعت (توسیع) کے تحت جاری سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔