فلسطین، کشمیر اور افغانستان میں خون بہانے والے آپس میں ایک ہیں،ملی یکجہتی کونسل

13اپریل کو اسلام آباد میں عظیم الشان آزادی فلسطین و کشمیر ریلی نکالی جائے گی، مشترکہ بیان

پیر 9 اپریل 2018 19:15

ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) فلسطین اور کشمیر میں خون بہانے والے آپس میں ایک ہیں۔ یہ بات ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی قائدین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی ہے۔کونسل کے سربراہ علامہ ابو الخیر محمد زبیر ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، مرکزی نائب صدرعلامہ ساجد علی نقوی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام پر جاری تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے مظلوم مسلمان بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ ، اسرائیل اور ہندوستان انسانیت کے دشمن ہیں۔وہ زیادہ دیر تک مظلومین عالم کی آواز کو نہیں دبا سکیں گے۔ پوری دنیا کے مسلمان ان مسائل پر متفق اور متحد ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام 13 اپریل بعد از نماز جمعہ آبپارہ اسلام آباد سے ایک عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا ہے جس میں تمام مذہبی و سیاسی تنظیمیں اور عوام شریک ہو کر مظلوم فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے اور امریکہ ، اسرائیل اور ہندوستان کے مظالم کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کریں گے۔

(جاری ہے)

ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے رہنمائوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ ریلی میں شریک ہو کر مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔امریکہ ، اسرائیل اور ہندوستان کے خلاف آواز بلند کریں۔ انھوں نے کہا کہ امریکا پاکستان پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی تیاریاں کررہا ہے۔ پوری قوم کو اپنی آزادی کی حفاظت کے لیے یکجا ہونا پڑے گا۔ کونسل کے قائدین نے کہا کہ ہم امریکی صدر کے اس اعلان کو بھی مسترد کرتے ہیں جس میں انھوں نے بیت المقدس میں امریکا کا سفارت خانہ منتقل کرنے کا کہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیت المقدس تاریخی طور پر فلسطین کا دارالحکومت ہے ۔

متعلقہ عنوان :