سیاسی میدان میں قائداعظم کی سطح کا پوری دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں ،راجہ ظفر الحق

صاف دامن ،باکردار اوربا اصول قائد کے نقش قدم پر ہی چل کر کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں، تقریب سے خطاب قائداعظم کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، ہمیں نوجوان نسل کی تربیت قائداعظم کے افکار و نظریات کے مطابق کرنی چاہئے، سینیٹرعبدالقیوم

پیر 9 اپریل 2018 19:03

سیاسی میدان میں قائداعظم کی سطح کا پوری دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں ،راجہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) سیاسی میدان میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی سطح کا پوری دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں جن کی عظمت کا اندازہ نہیںلگایا جا سکتا صاف دامن ،باکردار اوربا اصول قائد کے نقش قدم پر ہی چل کر کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ ان خیالات کااظہارپاکستان مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین اور قائد ایوان سینیٹ راجہ محمد ظفرالحق نے پاک چائنا سینٹر میں قائداعظم کتابوں کے آئینہ میںکے موضوع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ بااصول اورعظیم شخصیت قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بارے میں آئندہ نسلوں کو نہ بتایا جائے تو یہ ظلم ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان میںہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں قائداعظم محمد علی جناحؒکے پائے کا کوئی بڑا لیڈر پیدا نہیں ہوا ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے خالق پر بڑے سے بڑا دشمن بھی مالی اور اخلاقی الزام نہیںلگا سکتا۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی اسلامی قوانین ، اسلامی نظریہ اور اسلامی نظام کے بارے میں کی گئی تقاریر سے قوم اور بالخصوص نوجوان نسل کو آگاہ کرنا اشد ضروری ہے ۔

قائداعظم محمد علی جناحؒ کی وجہ سے ہی ہمیں پاکستان جیسی بڑی نعمت ملی ۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی اعلیٰ شخصیت کے ہر پہلو پر کتابیںلکھی جانی چاہیں ۔ قائدا عظم کے فرمودات سے بھی قوم اور نئی نسل کو آگاہ کیا جانا چاہیے ۔ بااصول قائد نے ہندوستان کی وزارت عظمیٰ کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے کہا تھا کہ اپنا مقصد ماچس کی ڈبیہ کے برابر بھی حاصل ہو جائے تو یہ وزیراعظم ہندوستان سے میرے لئے بہتر ہوگا۔

پاکستان کی آزادی کی تحریک میں قائداعظم محمد علی جناحؒ نے دلائل سے مضبوطی کے ساتھ اپنے موقف کو پیش کیا ۔سیمینار سے خطاب کرتے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ قائداعظم کے تمام خصوصیات پر علیحدہ علیحدہ کتاب لکھی جا سکتی ہے، آگے بڑھنے کیلئے ہمیں قائداعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، ہمیں نوجوان نسل کی تربیت قائداعظم کے افکار و نظریات کے مطابق کرنی چاہئے۔

اس موقع پر ایم ڈی نیشنل بک فاؤنڈیشن ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے کہا کہ قائداعظم ہمارے محسن تھے، ان کی انتھک جدوجہد سے ہمیں ایک آزاد ملک نصیب ہوا، نوجوان نسل کو قائداعظم کی زندگی کا مطالعہ کرنا چاہئے۔ نظریہ پاکستان فورم کے ظفر بختاوری نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے افکار اور فرمودات پر عمل کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :