پاکستان 2025ء وژن میں ترقی محض سرمایہ کی افزائش کا نام نہیں ،ہدف غربت کا خاتمہ ہے،احسن اقبال

ْسی پیک نے پاکستان اور چین دوستی کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے، منصوبے کے 9 صنعتی زون ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے،تمام جماعتیں اور صوبائی حکومتیں منصوبے کی بھرپور حمایت کرتی ہیں، وزیر داخلہ کا بائو فورم سے خطاب

پیر 9 اپریل 2018 19:03

پاکستان 2025ء وژن میں ترقی محض سرمایہ کی افزائش کا نام نہیں ،ہدف غربت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) وفاقی وزیر داخلہ، منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان 2025ء وژن میں ترقی محض سرمایہ کی افزائش کا نام نہیں ،ہدف غربت کا خاتمہ ہے،سی پیک نے پاکستان ،چین دوستی کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے، منصوبہ پاکستانی معیشت کیلئے آکسیجن ہے، توانائی اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری نے معیشت میں گروتھ پیدا کی ،سی پیک کے 9 صنعتی زون ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے،سی پیک کی تمام جماعتیں اور صوبائی حکومتیں بھرپور حمایت کرتی ہیں۔

وزیر داخلہ نے یہ بات بائو فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ احسن اقبال نے کہا کہ انفراسٹرکچر منصوبوں کے ساتھ عوامی مفاد کے منصوبے بھی شروع کئے گئے ہیں، پاکستان 2025ء وژن میں ترقی محض سرمایہ کی افزائش کا نام نہیں اس کا ہدف غربت کا خاتمہ ہے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک منصوبوں نے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دی ہے، بجلی کی فراہمی سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، روزگار پیدا ہو رہا ہے، سی پیک کے ذریعہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ ایشیا کی صف اول کی بندرگاہ بن کر ابھرے گی، گوادر میں بنیادی انفراسٹرکچر تعمیر کیا جا رہا ہے، سی پیک منصوبوں کو ٹھوس فزیبیلیٹی سٹڈیز کی بنیاد پر منظور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک دنیا میں علاقائی تعاون کے نمایاں ترین منصوبوں میں شامل ہو چکا ہے، پاکستان وسطی ایشیا، چین اور جنوبی ایشیا کو جوڑنے کا کوریڈور ہے، سی پیک کے 9 صنعتی زون ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس، کسٹمز اور سفر کی پالیسیوں کو ہم آہنگ کرنا ضروری ہے تاکہ کارگو اور افراد باآسانی آ جا سکیں، مستقبل میں نجی شعبہ کا کردار اہم ہو گا۔

متعلقہ عنوان :