پاک بحریہ کے فلوٹیلا کی کثیرالملکی مشق ’’ گلف شیلڈ I-‘‘ میں شرکت

پیر 9 اپریل 2018 19:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ٹیپو سلطان ،پی این ایس ہمت اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز بسول نے رائل سعودی آرمڈ فورسز کی جانب سے منعقدہ ٹرائی سروسز مشق گلف شیلڈI-میں شرکت کے لیی30مارچ تا07اپریل 2018تک سعودی عرب کی بندرگاہ جبیل کا دورہ کیا ۔جنگی جہازوں کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کے لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ پی تھری سی، اسپیشل سروس گروپ اور پاک میرینز نے بھی مشق میں حصہ لیا۔

پی این فلوٹیلا کی کمانڈ پاک بحریہ کے کموڈور محمدفیصل عباسی نے کی۔میر ی ٹائم مشق گلف شیلڈI- دومرحلوں پر مشتمل تھی ۔مشق کے پہلے مرحلے ہاربر فیزکے دوران مشترکہ منصوبہ بندی کانفرنسزاورپیشہ ورانہ موضوعات پر سیمینارز کا انعقاد ہوا جن کا مقصد مشق میں شریک ممالک کے درمیان خیر سگالی کی فضا پیداکرناتھا۔

(جاری ہے)

مشق کا دوسرا مرحلہ سعودی عرب کے پانیوں میں منعقد ہوا ۔

اس مرحلے کے دوران مشق میں شریک ممالک کی بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے غیر روایتی جنگ ، ساحلی دفاع، فضائی دفاع اور سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی مختلف مشقیں کی گئیں۔پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم ایجنسی کے جہازکے علاوہ امریکہ ،بحرین، ترکی ،سعودی عرب،کویت اورمتحدہ عرب امارات کے جہازوں نے بھی مشق میں حصہ لیا۔

جبیل بندرگاہ پر قیام کے دوران سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیرجناب عز ت مآب وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) خان ہشام بن صدیق نے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ٹیپو سلطان پر ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں رائل سعودی نیول فورسز کے اعلیٰ افسران بشمول رائل سعودی نیول فورسز کے ایسٹرن فلیٹ کمانڈر، ریئر ایڈمرل فہد علی ال فرقان اور مشق گلف شیلڈI-میں شریک ممالک کے افسران اور جوانوں نے بھر پور شرکت کی۔

مشق میں پاکستان کی دیگرمسلح افواج کی معقول تعداد میں شرکت کے علاوہ سمندر میں آپریشن انجام دینے والے پاک بحریہ کے یونٹس( جن پر ہیلی کاپٹر ز بھی موجود تھی) ،لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ، اسپیشل فورسزاور پاک میرینز کی شرکت مشق میں حصہ لینے والے ممالک کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے سلسلے میں حکومتِ پاکستان کی پالیسی کی واضح مظہر ہے۔مشق میں پا ک بحریہ کی شرکت خطے میںفروغِ امن کے لئے مشترکہ مقاصد کے حصول اور میری ٹائم سکیورٹی کو مزیدمضبوط بنانے کے لیے عالمی سطح پرپاک بحریہ کی پالیسی کی بھی عکاس ہے ۔