چیف جسٹس کیخلاف ریمارکس قابل مذمت ،نواز شریف کے نزدیک لیول پلے فیلڈ کا مطلب ہے ہر ادارہ انکی تعریف کرے‘ قمر زمان کائرہ

نواز شریف کو جسٹس افتخار جیسا جج چاہیے جو انہیں ہیرو قرار دیتا رہے،وہ 2013ء جیسا انتخابی ماحول جاہتے ہیں جو آج دستیاب نہیں اگر جوڈیشل ایکٹوازم پری پول رگنگ ہے تو پیپلز پارٹی 10سال سے اس کا سامنا کررہی ہے‘ صدر پیپلز پارٹی پنجاب کا ردعمل

پیر 9 اپریل 2018 18:49

چیف جسٹس کیخلاف ریمارکس قابل مذمت ،نواز شریف کے نزدیک لیول پلے فیلڈ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے خلاف نوازشریف کے ریمارکس قابل مذمت ہیں،نواز شریف کے نزدیک لیول پلے فیلڈ کا مطلب ہے ہر ادارہ ان کی تعریف کرے،نواز شریف کو جسٹس افتخار جیسا جج چاہیے جو انہیں ہیرو قرار دیتا رہے،وہ 2013ء جیسا انتخابی ماحول جاہتے ہیں جو آج دستیاب نہیں۔

اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عدلیہ 10 سال سے پیپلز پارٹی کا احتساب کررہی ہے لیکن ہم نے ایسی زبان استعمال نہیں کی،نواز شریف نے صرف جمہوریت کے ثمرات سمیٹے ہر آزمائش میں بز دل ثابت ہوئے،انتخابات میں ایک جیسے مواقع کا مطالبہ درست لیکن نواز شریف گریبا ن میں بھی جھانکیں،نواز شریف بھول گئے جب ہمیں افتخار چوہدری اور طالبان نے انتخابی مہم نہیں چلانے دی،ہمارا وزیراعظم بھی نااہل ہوا ،گورنر اور وزیر کو اسلام آباد میں شہید کیا گیا ،ہمارے وزیراعظم اور گورنر کے بیٹے اغواء کیے گئے لیکن ہم نے بہادری سے مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر جوڈیشل ایکٹوازم پری پول رگنگ ہے تو پیپلز پارٹی 10سال سے اس کا سامنا کررہی ہے،عدلیہ نے سب سے پہلے تو سندھ حکومت کے خلاف ایکشن لیا تب تو نوازشریف خوش تھے،جب نیب " ایف آئی اے اور وزارت داخلہ سندھ کے سیاستدانوں کو نشانہ بنارہی تھی تب نواز شریف کہ یہ منطق کہاں تھی۔کراچی میں پانی اور صفائی کے بارے عدالتی کارروائی پر نون لیگ بغلیں بجاتی تھی،چیف جسٹس نے پنجاب میں پینے کے پانی اور 75 کمپنیوں کی کرپشن پہ ہاتھ ڈالا تو ان کو فیر پلے لیول یاد آگیا۔نواز شریف بتائے چیف جسٹس نے کونسی بات کی جو آصف زرداری نے بھی کہ ہو، اب انہیں وہ فیئرپلے نہیں مل سکتا جس میں عدلیہ اور آئی ایس آئی کی مدد اور اسامہ بن لادن کی فنڈنگ میسر ہو۔