خیبر پختونخوا تیل کی پیداوار میں 53فی صد اضافے کیساتھ ساتھ گیس کی پیداوار میں بھی خود کفیل ہے،عاطف خان

پیر 9 اپریل 2018 18:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا تیل کی پیداوار میں 53فی صد اضافے کیساتھ ساتھ گیس کی پیداوار میں بھی خود کفیل ہے اور اس ضمن میں خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی کی کارکردگی قابل ستائش ہے ۔ وہ کے پی او جی سی ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رضی الدین کیساتھ بات چیت کررہے تھے جنہوں نے کمپنی کی کارکردگی اور مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ کے پی او جی سی ایل کے آئل اینڈ گیس سیکٹر میں کامیاب پراجیکٹس کی وجہ سے جہاں صوبہ آئل اینڈ گیس سیکٹر میں خود کفیل ہورہا ہے وہاں پر لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی مل رہے ہیں اوراب تک کے پراجیکٹس میں تقریبا ً450 ،افراد کو روزگار مہیا کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ خیبر پختونخوا ملک کا واحد صوبہ ہے جو کہ اپنی سیز مک(seismic) میں مصروف ہے اور آئل اینڈ گیس سیکٹر میں نئے نئے ذخائر کے دریافت کا عمل شروع ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو ریفائنریز کے قیام کیلئے 9درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو کہ مختلف اداروں کی خیبر پختونخوا میں کامیاب پالیسیوں کے بعد صوبائی حکومت پر اعتماد کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کرکے ایس ۔ این۔ جی ۔ پی۔ایل(SNGPL) کو صوبے کے حوالے کرنے میں دیر کی جارہی ہے ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ کامیاب ایکسپلوریشن کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس لمیٹڈ کمپنی کی جانب سے کرک میں پٹرولیم ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ بھی قائم کیا جارہا ہے جس کا بنیادی مقصد صوبے میں شروع کردہ پراجیکٹس کیلئے ٹیکنیکل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں کو تیار کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آئل اینڈ گیس پراجیکٹس سے جہاں اپنی ضروریات پوری ہوںگی وہاں پر ان پراجیکٹس سے ہونے والی آمدن کو ان علاقوں کی تعمیر و ترقی پر بھی خرچ کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :