چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت نئی مجوزہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت

صوابوں کے حلقوں پر تمام اعتراضات مسترد کردیئے گئے، میونسپل کمیٹی ہری پور پی ایف42- کو تحصیل غازی سے الگ کرکے تحصیل ہری پور کیساتھ لگادیا

پیر 9 اپریل 2018 18:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) نئی مجوزہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت پیر کوچیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی۔ سماعت کے دوران ضلع صوابی اور ہری پور کے حلقوں پر اعتراضات کے حوالے سے محفوظ فیصلہ سنایا گیا جس کے مطابق ضلع صوابی کے حلقوں پر تمام اعتراضات مسترد کردیئے گئے ہیں ۔

صوابی کے حلقہ پر دس اعتراضات دائر کئے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن نے ضلع ہری پور کے ایک صوبائی حلقہ پر اعتراضات منظور کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی ہری پور پی ایف42- کو تحصیل غازی سے الگ کرکے تحصیل ہری پور کے ساتھ لگادیا۔ ہری پور کے حوالے سے کل آٹھ اعتراضات داخل کئے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے مردان، نوشہرہ، بونیر اور سوات کے حلقوں پر اعتراضات کی سماعت مکمل کر لی گئی ہے، اس پر محفوظ فیصلہ بھی جلد سنائے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقوں پر دائر کئے گئے 47 اعتراضات کی سماعت بھی کی گئی۔ ضلع پشاور کے قومی اسمبلی کے حلقوں این ای27- اور این ای31- پر دلائل مکمل کرلئے گئے جس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے ان پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے ضلع پشاور کے صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر بھی سماعت کی۔