ملک میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، خیبر پختونخوا حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی، سردار محمد یوسف

ملک سے دہشت گردی کا قلع قمع، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سمیت سی پیک منصوبہ محمد نواز شریف کی صلاحیتوں، ملک و قوم کیساتھ محبت و خلوص کا منہ بولتا ثبوت ہیں،بٹل میں بلدیاتی نمائندوں سے خطاب

پیر 9 اپریل 2018 18:39

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں ،پشاور ،کراچی میں فوجی آپریشن کے ذریعہ دہشت گردی کا قلع قمع، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سمیت سی پیک منصوبہ محمد نواز شریف کی صلاحیتوں ،ملک و قوم کیساتھ محبت و خلوص کا منہ بولتا ثبوت ہیں، ملک میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے یہ بات پیر کو بٹل میں بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف 15 اپریل کو مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، لیگی کارکن اپنے قائد کا تاریخی استقبال کر کے ثابت کرینگے کہ ہزارہ اور مانسہرہ آج بھی مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں پشاور اور کراچی میں فوجی آپریشن کے ذریعہ دہشت گردی کا قلع قمع، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ سمیت سی پیک منصوبہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صلاحیتوں اور ملک و قوم کے ساتھ محبت و خلوص کا منہ بولتا ثبوت ہیں، ملک میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سوات موٹر وے تعمیر کرنے کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں، یہ لوگ پہلے دھرنے دیکر اس میں ناچ گانا کرتے رہے، اب جبکہ حکو مت کی معیاد پوری ہو رہی ہے تو یہ عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے ترقیاتی کاموں کا جھانسہ دے رہے ہیں جو موت کے وقت کلمہ پڑھنے اور توبہ کرنے کے مترادف ہے لیکن اب ان کی توبہ قبول نہیں ہو گی اور خیبر پختونخوا کے عوام عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو ان کے گناہوں کی سزا دے کر رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں ایک گرڈ سٹیشن تعمیر ہو چکا ہے، دو مزید تعمیر ہو رہے ہیں۔ اجتماع سے ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام، ممبران ضلع کونسل حاجی سردار عبد القدیر، سید شریف حسین شاہ، جاوید سالار، ناظم وی سی آہل محمد ساجد، سید پرویز علی شاہ، زر محمد ارغوشال سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔