سب کو اداروں کا احترام کرنا چاہئے، پارلیمنٹ اپنی احتساب کمیٹی بنائے، سید خورشید شاہ

باہمی احترام کے ذریعے ہی کامیاب جمہوریت ممکن بنائی جا سکتی ہے، نگران وزیراعظم کے معاملہ پر وزیراعظم (کل) ملاقات ہو گی،پارٹی اجلاس کے بعد نگران وزیراعظم کا نام سامنے لائیں گے،صحافیوں سے گفتگو

پیر 9 اپریل 2018 18:39

سب کو اداروں کا احترام کرنا چاہئے، پارلیمنٹ اپنی احتساب کمیٹی بنائے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سیّد خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سب کو اداروں کا احترام کرنا چاہئے، پارلیمنٹ اپنی احتساب کمیٹی بنائے، باہمی احترام کے ذریعے ہی کامیاب جمہوریت ممکن بنائی جا سکتی ہے، نگران وزیراعظم کے معاملہ پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے (کل) بدھ کو ملاقات ہو گی، ابھی تک اپوزیشن جماعتوں نے نگران وزیراعظم کیلئے کوئی نام نہیں دیا، پارٹی اجلاس کے بعد نگران وزیراعظم کا نام سامنے لائیں گے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے معاملہ پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے (کل) بدھ کو ملاقات ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابھی تک اپوزیشن جماعتوں نے نگران وزیراعظم کیلئے کوئی نام نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نگران حکومت میں نیک نام لوگ آئیں کیونکہ آئندہ الیکشن کا تمام تر انحصار نگران وزیراعظم پر ہو گا، اس لئے ہماری کوشش ہو گی کہ بہتر سے بہتر نگران وزیراعظم لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ مئی کے پہلے ہفتہ میں نگران وزیراعظم کے حوالہ سے باضابطہ مشاورت شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہی رکھنا چاہئے، کیونکہ پرانا ایئر پورٹ ایئر فورس کے پاس چلا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ایسا نہ کیا تو ہم سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو اداروں کا احترام کرنا چاہئے، پارلیمنٹ اپنی ایک احتساب کمیٹی بنائے، وہ سب سے بڑی کمیٹی ثابت ہو گی جو سیاستدانوں کا احتساب کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح باہمی احترام کے ذریعے ہی کامیاب جمہوریت ممکن بنائی جا سکتی ہے۔