پنجاب اسمبلی نے اپنی چار سالہ کارکردگی رپورٹ شائع کر دی

پنجاب اسمبلی نے اپنے موجودہ دور میں ریکارڈ قانون سازی کے ذریعے عوام کے مسائل حل کرنے میں مرکزی کردارادا کیا ‘رانا محمد اقبال

پیر 9 اپریل 2018 18:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) پنجاب اسمبلی نے اپنی چار سالہ کارکردگی رپورٹ شائع کر دی۔ رپورٹ کی تقریب رونمائی پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں منعقد ہوئی جس کے میزبان سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں تھے۔ تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی،"صوبائی" کے ٹیم لیڈرڈونا بگبی سمتھ، سینئرسیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر،سینئر صحافی اور اسمبلی افسران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے اپنے موجودہ دور میں ریکارڈ قانون سازی کے ذریعے عوام کے مسائل حل کرنے میں مرکزی کردارادا کیا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان ملک کا سب سے بڑا ایوان ہے۔ عوام کو اس سے توقعات بھی زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی رپورٹ ہے جس میں اسمبلی کے پہلے چار سال کی کار گزاری پیش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی شفافیت اور احتساب کے کڑے امتحان سے گزر کر اپنی پانچ سالہ پارلیمانی مدت پوری کرنے کو ہے۔ 2018انتخابات کا سال ہے اور پنجاب کے عوام کا یہ حق ہے کہ وہ جان سکیں کہ جن عومی نمائندوں کو انہوں نے ایوانوں میں بھیجا تھا ان کی کارکردگی کیسی رہی۔ انہوں نے کس طرح کی اور کتنی قانون سازی کی حکومتی محکموں پر کیا چیک اور بیلنس رکھا اور سب سے بڑھ کر یہ کہ آیا منتخب عوامی نمائندوں نے نمائندگی کا حق ادا کیا کہ نہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی تیار کردہ یہ مفصل رپورٹ عام شہریوں، سکالرز اور محققین کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ چار سالوں کے دوران اسمبلی کی کارکردگی کے معیار کا جائزہ لے سکیں۔

سپیکر نے کہا کہ یہ رپورٹ پنجاب کے عوام کو اپنے منتخب نمائندوں کے بارے میں مفید معلومات فراہم کرنے کا باعث بنے گی۔سپیکر نے کہا کہ اس رپورٹ سے اسمبلی رولز آف پروسیجر کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔ رانا محمد اقبال خاں نے رپورٹ کے مرتب ہونے میں اسمبلی سٹاف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا انہیں اس بات پر فخر ہے کہ اسمبلی سٹاف نے ہمیشہ اراکین اسمبلی کے لیے خوش دلی اور محنت سے کام کر کے بہترین سروسز فراہم کی ہیںبعد ازاں سپیکر نے شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔