پاکستان کو پولیوفری ملک بنانے کے لئے معاشرہ کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری قومی فرض سمجھ کر ادا کرنی چاہئے،ڈاکٹر محمد اقبال ظفر

پیر 9 اپریل 2018 18:24

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیوفری ملک بنانے کے لئے معاشرہ کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری قومی فرض سمجھ کر ادا کرنی چاہئے۔ یونیورسٹی کے ڈے کیئر سینٹر میں روٹری انٹرنیشنل کے اشتراک سے پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کہا کہ عالمی برادری کے ایک ذمہ دارملک کی حیثیت سے پاکستان میں ہر سطح پر پولیومہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے لوگوں کے رویوں میں بہتری انتہائی ضروری ہے ۔

انہوں نے پولیو ویکسین کی مفت فراہمی میں تعاون کرنے والے اداروں اور این جی اوز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اپنی بچت اور ٹیکسوں کی رقوم سے جس طرح پولیو سے بچائو کی ویکسین خرید کر پاکستان کو فراہم کرتی ہے وہ لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے روٹری کلب کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے روٹری کلب پاکستان کے ساتھ ساتھ افغانستان میں بھی پولیو ویکسین کی مفت فراہمی میں پیش پیش ہے تاکہ خطے سے پولیو وائرس کے پائیدار خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے ان کا دل یقینا افسردہ ہوتا ہے جب بیرون ملک ایئرپورٹ پر آپ کومشتبہ جانتے ہوئے پولیو ویکسین کے حفاظتی قطرے پائے جاتے ہیں۔روٹری فیصل آباد کے سابق صدر مبشر بٹ نے کہا کہ روٹری نے گھریلو سطح پر پولیو ویکسین کی محفوظ ترسیل کیلئے سٹاف کو پاکستان میں 1لاکھ جبکہ افغانستان میں پچاس ہزار کٹیں اور جیکٹس فراہم کی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ روٹری عالمی سطح پر پولیو ویکسین کی مفت فراہمی کیلئے ساڑھے تین ارب ڈالر خرچ کر چکا ہے جس کے نتیجہ میں تین مشتبہ ممالک پاکستان‘ افغانستان اور نائجیریا کے علاوہ پوری دنیا سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہوچکا ہے۔روٹری فیصل آبادکے صدر پروفیسرمقصود اختر نے کہا کہ اگر پولیو ٹیموں کے کام میں مزاحمت کرنے والوں کو اس امر کا ادراک ہوجائے کہ ویکسین صحت کیلئے کتنی ضروری ہے تو وہ اپنے بچوں کی صحت کیلئے لائن بنانے کے ساتھ ساتھ پیسے خرچ کرنے سے بھی گریز نہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ میڈیا عوامی سطح پر پولیو ویکسین کی افادیت کا شعور اجاگر کرنے میں حکومتی اداروں اور این جی اوز کا ہراول دستہ ہے جسے سراہا جانا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آبا دمیں ساڑھے تیرہ لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے پچوں کی عمر کی مناسبت سے حفاظتی ٹیکوں کی مفید معلومات پر مبنی کتابچہ بھی ڈے کیئر سینٹر کی انچارج مس سارہ پرویز کے حوالے کیا۔ تقریب میں روٹری کلب کے سابق صدر فاروق احمد اور یونیورسٹی کے پرنسپل آفیسرتعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :