پنجاب حکومت میں35 نجی کمپنیوں کے سکینڈل پر پی ٹی آئی کی پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار

100ارب روپے کے قرضوں ،غیر ملکی دوروں اور شاہانہ اخراجات کا جواب دیا جائے‘شعیب صدیقی

پیر 9 اپریل 2018 17:59

پنجاب حکومت میں35 نجی کمپنیوں کے سکینڈل پر پی ٹی آئی کی پنجاب اسمبلی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب کی صوبائی حکومت کی طرف سے 35نجی کمپنیوں کے سکینڈل اور ان کی سامنے آنے والی تفصیلات کو زیر بحث لانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار پیش کر دی ہے جس میں ایم پی اے شعیب صدیقی نے نشاندہی کی ہے کہ میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق ان کمپنیوں کو 100ارب روپے کے قرضے دیے گئے جو پروٹوکول ، غیر ملکی دوروں اور دیگر شاہانہ اخراجات پر اڑائے گئے اور ان قرضوں کا پری آڈٹ بھی نہیں ہونے دیا گیا ، انہوں نے اپنی تحریک التوائے کار میں نشاندہی کی ہے کہ پنجاب کی یہ کمپنیاں طے شدہ پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری فنڈز کا بے جا اور غلط استعمال کرتی رہیں اور ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں تھا ،ایم پی اے شعیب صدیقی نے مزید نشاندہی کی ہے حکومت کی 2010سے 2017تک کی سرکاری دستاویزات میں100ارب روپے کے ان قرضوں کی نشاندہی کی ہے جن کی ادائیگی کیلئی5سال کا وقت معین تھا لیکن یہ کمپنیاں قرضوں کی ادائیگی میں ناکام رہیں اور اب یہ قرضے معاف کرانا چاہتی ہیں ، انہوں نے تحریک التوا میں کہا ہے کہ اس رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد نام نہاد خادم اعلیٰ کی گڈ گورننس کا پول کھل کر سامنے آ گیا ہے او رعوام جان چکے ہیں کہ حکمرانوں نے اپنے مفادات کے حصول اور من پسند لوگوںکو نوازنے کیلئے کس طرح عوام کے دیے ہوئے پیسوں کو لوٹا ہے شعیب صدیقی نے تحریک میں مطالبہ کیا ہے کہ کمپنیوں کی جانب سے فنڈز اور قرض کی رقم خرد برد اور غلط استعمال ہونے پر پنجاب کے ہر ذی شعور شہری میں انتہائی بے چینی ، اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے لہذا ان کی تحریک کو باضابطہ قرار دے کر پنجاب اسمبلی میں بحث کرائی جائے۔