میزان بینک اور پیرانی گروپ آف کمپنیز کے درمیان معاہدہ

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 9 اپریل 2018 17:46

میزان بینک اور پیرانی گروپ آف کمپنیز کے درمیان معاہدہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل2018ء) پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے اسلامی بینک میزان بینک نے پیرانی گروپ آف کمپنیز کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔اس معاہدے کے تحت میزان بینک صارفین کو پیرانی گروپ کی پاور اور سپر پاور بائیکس کیلئے میزان بائیک اجارہ کی سہولت فراہم کرے گا۔ یاد رہے کہ میزان بائیک اجارہ پاکستان کا پہلا شریعہ کمپلائنٹ بائیک اجارہ ہے جوصارفین کو سستی اور آسان ماہانہ اقساط کی ادائیگی کی سہولت فراہم کررہا ہے۔

معاہدے پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید اور پیرانی گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹر نوید عثمان پیرانی نے دستخط کئے۔ اس معاہدے کے تحت میزان بینک ملک بھر میں اپنی 600سے زائد برانچز پر صارفین کو پیرانی گروپ کی پاور اور سپرپاور بائیکس کیلئے ترجیحی بنیادوں پرفنانسنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمیزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید نے کہاکہ پاکستان میں موٹر سائیکلوں کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہورہا ہے۔

میزان بینک اور پیرانی گروپ کا اشتراک دونوں کمپنیوں کیلئے سود مند ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس معاہدے سے مارکیٹ کی ضرورت پوراہونے کے ساتھ ساتھ انڈسٹری کو بھی فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر پیرانی گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹر نوید عثمان پیرانی نے کہاکہ مارکیٹ میں پاکستانی برانڈ بائیکس کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے۔ میزان بینک کے ساتھ معاہدے سے ان صارفین کو فائدہ ہوگا جن کیلئے یکمشت ادائیگی مشکل تھی۔

میزان بینک کے ساتھ معاہدے کے بعد اب صارفین آسان قسطوں میں نئی بائیک خرید سکیں گے۔ میزان بینک پاکستان کا آٹھواں بڑا بینک ہے۔ بینک ملک کے 150شہروں میں 600سے زائد برانچز کے ساتھ580سے زائد اے ٹی ایمز، ویزا ڈیبٹ کارڈ اور 24/7کال سینٹر کے ذریعے صارفین کو اسلامی بینکنگ پراڈکٹ کی وسیع خدمات فراہم کررہا ہے۔ بینک کئی سالوں سے اسلامک فنانس نیوز ملائیشیا، گلوبل فنانس میگزین نیو یارک، سی ایف اے ایسوسی ایشن پاکستان اور ایسٹ ٹرپل اے ہانگ کانگ سمیت ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے پاکستان کے بہترین اسلامی بینک کا ایوارڈ حاصل کررہاہے۔