اینٹی رائٹس فورس کی ٹریننگ کیلئے اہلکاروں کا انتخاب ،تربیتی سیشنز کوہر صورت مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے ‘ آئی جی پنجاب

جدید خطوط پر فورس کی پیشہ ورانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ اہلکارجرائم پیشہ سماج دشمن عناصر کے خلاف موثر کاروائیوں کے ساتھ ساتھ بہترین پبلک ڈیلنگ سے عوام کے دل جیت سکیں ‘ کیپٹن (ر) عارف نواز خان

پیر 9 اپریل 2018 17:53

اینٹی رائٹس فورس کی ٹریننگ کیلئے اہلکاروں کا انتخاب ،تربیتی سیشنز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر)عارف نواز خان نے کہا ہے کہ جدید خطوط پرفورس کی پیشہ ورانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ اہلکارجرائم پیشہ سماج دشمن عناصر کے خلاف موثر کاروائیوں کے ساتھ ساتھ بہترین پبلک ڈیلنگ سے عوام کے دل جیت سکیں ،اینٹی رائٹس فورس کی ٹریننگ کیلئے صوبے کے A کیٹگری کے اضلاع سے 500، B کیٹگری سے 300، C کیٹگری سے 200اور Dکیٹگری سے 100اہلکاروں کا انتخاب کیاگیا ہے جن کے تربیتی سیشنز کوہر صورت مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور تمام ٹریننگ کالجز میں زیر تربیت اہلکاروں کوعوام سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کیلئے پبلک ہینڈلنگ کے حوالے سے خاص تربیت دی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان،ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ اینڈ ریکروٹمنٹ، طارق مسعود یٰسین، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس محمد طاہر، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ سید خرم علی شاہ ، اے آئی جی ایڈمن زبیر دریشک ، اے آئی جی آپریشنز عمران محمود، اے آئی جی فنانس، غازی صلاح الدین ، اے آئی جی ٹریننگ معروف صفدر واہلہ سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت، ریفریشر کورسز اور استعداد کار بڑھانے سے متعلقہ اہم امور زیر بحث آئے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ اینڈ ریکروٹمنٹ طارق مسعود یٰسین نے آئی جی پنجا ب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پریکٹیکل پولیسنگ کی ضروریات کے پیش نظر صوبے کے تمام ٹریننگ کالجز اور سکولز میں روایتی تربیتی کلچر کی اپ گریڈیشن کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور زیر تربیت اہلکاروں کو کمیونٹی اینڈ سمارٹ پولیسنگ میں آنے والے نئی جدتوں سمیت تمام صلاحیتیں اور مہارتیں سکھائی جارہی ہیں تاکہ وہ فیلڈ میں آکر زیادہ بہتر انداز میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دے سکیں ۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈی پی اوزاپنے اضلاع سے ٹریننگ کیلئے منتخب کئے جانے والے افسران اور اہلکاروں کی بروقت ریلیو نگ کو یقینی بنائیںاورتاخیر سے ٹریننگ جوائن کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی پی اوز اپنے ماتحت افسران و اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ریفریشر کورسز شروع کروائیں اور جو افسران ٹریننگ کیلئے منتخب ہونیوالے اہلکاروں کو بروقت ریلیو کرنے کے حوالے سے تاخیری حربے استعمال کریں انہیں اظہار نا پسندیدگی کے خطوط لکھے جائیں ۔

آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹی رائٹس فورس کے ٹریننگ کے مراحل جلد از جلد ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں تاکہ احتجاج ، دھرنوں اور مظاہروں کی صورت میں عوام کی جان و مال کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :