رمیش کمار وانکوانی مفاد پرست سیاستدان ہیں، اس سے قبل پانچ مرتبہ پارٹیاں تبدیل کرچکے ہیں اور اقتدار کی خاطر کچھ بھی کرسکتے ہیں، وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ و صدر مسلم لیگ (ن) منارٹی ونگ ڈاکٹر درشن

پیر 9 اپریل 2018 17:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء) وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منارٹی ونگ کے مرکزی صدر ڈاکٹر درشن نے پاکستان مسلم لیگ(ن) چھوڑ کر پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں جانے والے بھاون داس اور ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ تاریخی لوٹے اور مفاد پرست سیاستدان ہیں، رمیش کمار اس سے قبل پانچ مرتبہ پارٹیاں تبدیل کرچکے ہیں اور اقتدار کی خاطر کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

پیرکو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر درشن نے کہاکہ رمیش تصوارتی سیاست میں رہتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ چودھری نثار علی خان کو تحریک انصاف میں لے آئیں گے، ایک سیاسی بڑھک ہے اور اس پر ہنسا ہی جا سکتا ہے۔ رمیش کمار نے مزید دعویٰ کیاہے کہ وہ اقلیتوں کے 35لاکھ ووٹ تحریک انصاف کو دلوائیں گے، یہ دعویٰ کرنے والا کو تھرپارکر میں بلدیاتی الیکشن میں صرف ایک ہزار ووٹ ملے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کوبیوقوف بناناکتنا آسان ہے، عمران خان کی پارٹی لوٹوں کی پارٹی ہے، جس میں تمام پارٹیوں کے ردکئے ہوئے سیاستدانوں کو جمع کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر درشن نے مزید کہاکہ لوٹوں کی سیاست سے واضح ہوگیا کہ تحریک انصاف کا ایجنڈا تبدیلی نہیں اگر ایسا ہوتا تو عمران خان خود چل کر لوٹوں کے پاس نہ جاتا اور انہیں پارٹی میںخوش آمدید نہ کہتا۔ ڈاکٹردرشن نے کہاکہ بھاون داس اور رمیش کمار کو میاںنوازشریف نے عزت دی، ایم این اے بنایا مگر انہوںنے اس کا صلہ پارٹی سے بے وفائی کی صورت میں دیا۔

انہوںنے پاکستان مسلم لیگ(ن) چھوڑنے کا اعلان تو کیا ہے لیکن پارٹی کی دی ہوئی سیٹ سے استعفیٰ نہیں دیا۔ یہ لوٹے پارلیمنٹ سے آخری چند ماہ کی تنخواہ بھی نہیں چھوڑناچاہتے۔ان دونوں سیاستدانوں میں اگر اخلاقی جرأت ہے تو انہیں پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیناچاہیے۔ ڈاکٹر درشن نے مزید کہاکہ اقلیت سے تعلق رکھنے والے رمیش کمار اور بھاون داس کے پارٹی چھوڑنے اور لوٹابننے پر پاکستان کی اقلیتی برادری اور میں بحیثیت صدر پاکستان مسلم لیگ اقلیتی ونگ سخت مذمت کرتا ہوں۔