شہریوں کا آوارہ کتوں کی تلفی کا مطالبہ

کینٹ ،میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات ہوگئی

پیر 9 اپریل 2018 17:32

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء) کینٹ ،میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات ہوگئی ۔چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں ٹاہلی موہری، غوثیہ چوک گلشن شافی اور گرد و نواح کے علاقوں جبکہ راولپنڈی کینٹ کے علاقوں کمال آباد ،فیصل کالونی ،ڈھوک سیداں ،عابد مجید روڈ ،اسلم مارکیٹ ،خیابان میراں بخش سمیت دیگر علاقوں میںآوارہ کتوں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ۔

آوارہ کتوں کی وجہ سے شہریوں کو اپنے محلوں میں آمد و رفت خاص طور رات کے وقت شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ چکلالہ و راولپنڈی کینٹ کے مکینوں محمد نعیم ،راجہ فدا ،محمد علی ،راجہ احسان ،محمد ظہورو دیگر نے سٹیشن کمانڈر اور راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے حکام سے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں سے آوارہ کتوں کی تلفی کے فوری اقدامات کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ضلع کونسل راولپنڈی کے علاقوں یوسی لکھن ،دھمیال میں بھی آوارہ کتوں کی بھرمار سے مکین پریشانی کا شکار ہیں ،ان علاقوں میں سرشام گلیوں میں آوارہ کتوں کی ٹولیاں منڈلانے لگیں ،یو سی لکھن و دھمیال کے علاقوں لیاقت کالونی ،لالہ رخ کالونی ،بہار کالونی ،موہڑہ چھپر و ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے بتایاکہ ان علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات ہو چکی ہے جو دن کے علاوہ شام کے اوقات میں گلی محلوں میں آزادانہ گھومتے ہیں ۔

شہریوں نے کہاکہ ان آوارہ کتوں کی وجہ سے شہری ڈر و خوف میں مبتلا ہیں جبکہ کئی خواتین اور بچے ان آوارہ کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے زخمی ہو چکے ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ منتخب بلدیاتی نمائندگان کو اس بارے میں متعدد مرتبہ آگاہ کیا گیا تاھم نہ تو عوامی نمائندوں نے اس بارے میں کوئی ایکشن لیا اور نہ ہی کسی دیگر متعلقہ ادارے نے کتوں کی تلفی کے اقدامات کیے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ آوارہ کتوں کی تلفی کے فوری اقدامات کیے جائیں۔