ہارلے سٹریٹ کی خستہ حال سڑکوں کی از سر نو تعمیر کا مطالبہ

پیر 9 اپریل 2018 17:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء) چکلالہ کینٹ کے علاقے ہارلے سٹریٹ کے مکینوں نے ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کی از سر نو تعمیر کا مطالبہ کر دیا۔ شہریوںنے بتایاکہ چکلالہ کنٹونمنٹ کے علاقوں کی بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں۔چکلالہ کینٹ کے مختلف علاقوں ہارلے سٹریٹ ،ٹاہلی موہری ،نورس کالونی ،ڈھیری حسن آباد کے مکینوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ چکلالہ کینٹ کی بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات لاحق ہیں ۔

شہریوں نے بتایاکہ چکلالہ کینٹ کے علاقے ہارلے سٹریٹ کی سڑکیں کم و بیش ایک دھائی قبل بنائی گئی تھیں جو کہ اب مکمل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں تاھم کینٹ بورڈ حکام اس جانب توجہ نہیں دے رہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے مزید بتایاکہ ہارلے سٹریٹ میں نجی سکولوں کی بڑی تعداد موجود ہے جس کی وجہ سے چھٹی کے اوقات میں ٹوٹی سڑکوں کی وجہ سے یہاں پر اچھا خاصا رش لگ جاتا ہے ۔

شہریوں نے اے پی پی کو بتایا کہ ہارلے سٹریٹ کے دونوں مرکزی داخلی راستے مکمل طور پر ٹوٹ چکے ہیں اور بائیس نمبر چونگی کی جانب سے ہارلے سٹریٹ کے داخلی راستے اور دھمیال روڈ سے مرکزی داخلی راستے کی حالت ابتر ہے تاھم چکلالہ کینٹ بورڈ حکام سمیت چکلالہ کینٹ کے منتخب عوامی نمائندے بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ہارلے سٹریٹ کی تمام سڑکوں کو ازسر نو تعمیر کیا جائے۔