شہریوں کو موسم گرما میں پانی کی یقینی فراہمی اولین ترجیح ہے، میئر سکھر

پیر 9 اپریل 2018 17:23

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ شہریوں کو موسم گرما میں پانی کی یقینی فراہمی اولین ترجیح ہے، لہٰذا بلا تفریق شہر کے تمام علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر پانی فراہم کیا جائے، اس سلسلے میں ٹھوس و موثر حکمت عملی وضع کی جائے ، بجلی کی جاری لوڈ شیڈنگ بھی پانی کی تسلسل سے فراہمی میں رکاوٹ ہے ، لہٰذا جنریٹرز چلائے جائیں ، پانی کی عدم فراہمی پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے واٹر ورکس کے تفصیلی دورہ کے موقع پر کیا ، ڈپٹی میئر طارق چوہان ، میونسپل کمشنر منصور احمد سومرو ، ایگزیکٹو انجینئر شرف الدین ڈنور، اسٹور پرچیز آفیسر عابد علی انصاری ، انچارج بلک اکرم عباسی ، ڈسٹری بیوش انچارج عاشق علی شیخ ، کنسلٹنٹ فیز I اور دیگر افسران بھی تھے۔

(جاری ہے)

میئر سکھر نے فلٹریشن و کلورنیشن کے عمل کا جائزہ لیا اور واٹر ورکس کے تمام شعبوں کا معائنہ کیا اور ضروری ہدایات دیں ۔

میئر سکھر نے کہا کہ خراب جنریٹر یا مرمت طلب مشینری کی مرمت ترجیحی و ہنگامی بنیادوں پر کی جائے، والوز آپریشن کی سختی سے نگرانی کی جائے ، اس سلسلے میں یو سی چیئرمین بھی فعال کردار ادا کرسکتے ہیں ، لہٰذا انجینئرنگ افسران و اسٹاف ہر لمحہ مستعدد رہے اور پانی کی فراہمی 24 گھنٹے جاری رکھی جائے جو علاقے اونچائی پر واقع ہیں ان علاقوں میں پانی والوز سسٹم سے پہنچایا جائے ، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی قیادت فراہمی آب کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے اور کروڑوں روپے کے اخراجات سے 5 زائد اہم علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کی نئی لائنیں ڈالی جارہی ہیں تاکہ بوسیدہ 40 سال پرانی لائنوں سے نجات مل سکے ، ان لائنوں کی تنصیب سے پانی ضائع نہیں ہوگا اور سیوریج اوور فلو بھی نہیں ہوگا، میئر سکھر نے ڈپٹی میئر طارق چوہان ، میونسپل کمشنر منصور احمد سومرو اور ایگزیکٹو انجینئر شرف الدین ڈنور کو ہدایت کی کہ وہ مختلف علاقوں کا روزانہ دورہ کریں اور پانی کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیں۔

متعلقہ عنوان :