چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے یوسی 29 میں اے ون ولاز پارک کا افتتاح کر دیا

پیر 9 اپریل 2018 17:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء)چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ ہرا بھرا ماحول انسانی فطرت کا تقاضہ ہے، ہریالی میں موجود طمانیت اور سکون کا دوسرا کوئی نعم البدل نہیں ہے، جہاں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے شجرکاری کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا وہیں پارک جتنے آباد اور ہرے بھرے ہونگے ماحول میں بہتری کے تقاضوں کو پورا کیا جاسکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 29 اسکیم 33 میں اے ون ولاز کے افتتاح کے موقع پر کیا انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ ضلعے میں پارکوں کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اور کوشاں ہیں کہ ضلعے کے مکینوں کو انکے گھر کے نزدیک پارکوں کی صورت میں موجود تفریحی سہولیات میسر ہوں، پارکوں میں ہریالی کے ساتھ جوگنگ ٹریکس و دیگر سہولیات فراہم کر رہے ہیں جو پارک وسیع وعریض ہیں وہاں بچوں کیلئے پلے لینڈ ودیگر سہولیات بھی دی جا رہی ہیں اس موقع پر انہوں نے یوسی 29 کے مکینوں سے گزارش کی کہ وہ پارک کے افتتاح کے بعد اس کی دیکھ بھال کیلئے ازخود بھی کردار ادا کریں جبکہ کراچی کی ماحولیاتی آلودگی کو دور کرنے کیلئے دستیاب جگہوں سمیت اپنے گھروں میں بھی ایک پودا لگانے کیلئے جگہ رکھیں، جہاں بھی پودا لگائیں اس کی افزائش کی ذمہ داری بھی لیں، بلدیہ شرقی اپنے تئیں شجرکاری مہم میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے عوامی تعاون شامل حال رہا تو ضلع شرقی کو ماحولیاتی لحاظ سے مثالی ضلع بنا دیں گے انہوں نے علاقہ معززین سے گزارش کی کہ وہ ہریالی کی افادیت کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار بھی ادا کریں اس موقع پر انکے ہمراہ بلدیہ شرقی کے افسران سمیت یوسی چئیرمین و دیگر بلدیاتی نمائندگان بھی موجود تھی.