کراچی میں انسداد پولیو مہم شروع ،کمشنر نے افتتاح کیا

23 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، وٹامن اے بھی پلایا جائے گا،اعجاز احمد خان

پیر 9 اپریل 2018 17:25

کراچی میں انسداد پولیو مہم شروع ،کمشنر نے افتتاح کیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) کراچی میں پیرکو سات روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی۔کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے عبدالستار پیرزادہ ڈسپنسری مسلم آباد میں مہم کا افتتاح کیا مہم 15 اپریل تک جاری رہے گی ۔مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کمشنر کراچی نے کہا کہ مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 23 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

چھ ماہ سے زائد پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو وٹامن اے بھی پلایا جائے گا ۔ اس سے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہو گا۔ کراچی کی تمام 188 یونین کونسلوں میں مہم پر عملدرآمد کیا جائے گا نو ہزار سے زائد پولیو ٹیمیںفرائض انجام دیں گے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شرقی افضل زیدی، اسسٹنٹ کمشنر جمشید عمر رندھاوا ، کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر نصرت علی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر مسعود سولنگی روٹری کلب کے نمائندے اور دیگر بھی اس موقع پر موجو د تھے ۔

(جاری ہے)

کمشنر نے کہا کہ کراچی میں انسداد پولیو کی کوششیں صحیح سمت میں کی جارہی ہیں انھوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پانچ سال تک کی عمر کے اسکولوں کے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔ نجی اسکولوں میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کا نجی اسکولوں سے رابطہ ہے۔

نجی اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تعاون کریں انسداد پولیو قومی مقصد ہے ۔اس سے بچوں کی صحت کی حفاظت اور ان کا مستقبل وابستہ ہے۔انھوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ تعاون کریں اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی کوششیں کامیاب کر نے میں انتظامیہ کی مدد کریں ۔ انھوں نے کہا بچوں کو متعدد بار پولیو کے قطرے پلانے سے انھیں پولیو سے محفوظ بنانے میں مدد ملے گی ۔

کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو کی کوششوں کی وجہ سے رہ جانے اور انکار کر نے والے بچوںکی تعداد میں حوصلہ افزاکمی ہوئی ہے،مانٹرنگ کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے امید ہے ملک سے پولیو کے خاتمہ کی جدوجہد جلد کامیاب ہو گی اور پاکستان پولیو سے پاک ملکوں کی فہرست میں شامل ہو گاکمشنر نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی ۔ سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کے گئے ہیں پانچ ہزار زائد سیکورٹی اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

متعلقہ عنوان :