آئین کی بالادستی ہماری منزل مقصود ہے،

آئین ریاست کے ہر شہری کو بنیادی حقوق جمہوریت اور سکیورٹی کی ضمانت دیتا ہے اس کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کا یوم دستور کے موقع پر پیغام

پیر 9 اپریل 2018 16:54

آئین کی بالادستی ہماری منزل مقصود ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی ہماری منزل مقصود ہے، آئین ریاست کے ہر شہری کو بنیادی حقوق جمہوریت اور سکیورٹی کی ضمانت دیتا ہے اس کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دستور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا جو ملک بھر میں (آج) منگل 10 اپریل کو منایا جا رہا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے آئین کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 45 سال قبل ملک کی پہلی جمہوری طور پر منتخب ہونے والی مقننہ کے نمائندوں نے ملک کو جمہوریت، امن و تر قی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے متفقہ طور پر آئین پاکستان کی منظوری دی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 45 سالوں کے دوران غیر جمہوری قوتوں نے جمہوری طور پر منتخب حکومتوں کو ختم کرکے آئین کو معطل کیا جس کی وجہ سے مضبوط وفاق کو دھچکا پہنچا، ان غیر جمہوری اقدامات سے ملک میں پروان چڑھنے والے جمہوری کلچر، سیکورٹی، انسانی حقوق اور ترقی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے۔

(جاری ہے)

جمہوری قوتوں کی ملک میں جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کیلئے قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ آئین اور جمہوریت کی بحالی کیلئے جمہوری قوتوں نے آمریت کے دوران بے پناہ مصائب کے باوجود اپنی کوشش جاری رکھیں۔ انہوں نے آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کیلئے قربانیاں دینے والے گمنام ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جمہوریت کے گمنام ہیروز نے آئین کے تقدس کیلئے آمروں کی طرف سے نہ صرف کوڑے کھانے اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں بلکہ پھانسیاں تک قبول کیں۔

سپیکر نے کہا کہ اب یہ موجود سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ آئین پر عملدرآمد کرتے ہوئے وفاقی اکائیوں کو آئین میں دیئے گئے اختیارات اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی دن ہمیں اس مقدس دستاویز کے ہر حرف کے تحفظ کرنے کے عہد کا موقع فراہم کرتا ہے جس کی وجہ سے ہم بحثیت قوم برابری کی سطح پر اکٹھے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئین کا دن منانے کا مقصد اس کی بالادستی کو بر قرار رکھنے کے عزم کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کو اس کی اہمیت و افادیت کو اجا گر کرنا ہے۔