چین کے شہر شینزن کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ

مختلف شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار

پیر 9 اپریل 2018 16:41

چین کے شہر شینزن کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) چین کے شہر شینزن کے ایک وفد نے شینزن انوسٹمنٹ پرومیشن ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جیا چینگشنگ کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس ایند انڈسٹری کا دورہ کیا اور مقامی تاجر برادری کے ساتھ مختلف شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں سرکاری اور نجی شعبوں کے نمائندگان شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شینزن انوسٹمنٹ پرومیشن ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جیا چینگشنگ نے کہا کہ شینزن چین کا کاروباری مرکز ہے اور تیزی سے ترقی کرتا ہوا شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شینزن کی کمپنیاں اعلیٰ ٹیکنالوجی اور تکینیکی مہارت سے لیس ہیں اور وہ پاکستان کے نجی شعبے کے ساتھ دلچسپی کے شعبوں میں پارٹنرشپ قائم کرنا چاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ شینزن کے سرمایہ کار اسلام آباد میں فائیو سٹار ہوٹل تعمیر کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ سی پیک کی وجہ سے چین کے سرمایہ کاروں کی اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں آمد بڑھ گئی ہے جس کیلئے یہاں مزید فائیوسٹار ہوٹلوں کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شینزن کے سرمایہ کار اسلام آباد سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں جدید طرز کی بلڈنگیں بھی تعمیر کرنے میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں جس کیلئے ان کو مقامی پارٹنرز کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ چین شنزن کو ایک گلوبل سٹی کے طور پر ترقی دینا چاہتا ہے لہذا پاکستان کا نجی شعبہ شینزن کے سرمایہ کاروں کے ساتھ باہمی تعاون فروغ دے کر بہتر کاروباری نتائج حاصل کر سکتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ان کے وفد کا پاکستان کا دورہ کرنے کا مقصد پاکستان کے نجی شعبے کے ساتھ مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے تا کہ نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط قائم کر کے چین اور پاکستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر چیمبر کے وفد کو شینزن کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تا کہ وہ شینزن کی تاجر برادری کے ساتھ براہ راست ملاقاتیں کر کے باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کر سکے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان میں ہوٹل انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں کیونکہ اسلام آباد سمیت پاکستان کے دیگر بڑے شہروں میں سیون سٹار اور فائیو سٹار ہوٹلوں کی اشد ضرورت ہے لہذا انہوں نے کہا چین کے سرمایہ کاروں کیلئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ مقامی پارٹنرز کے ساتھ جوائنٹ وینچرز قائم کر کے پاکستان میں نئے ہوٹل تعمیر کرنے کی کوشش کریں۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں 9اسپیشل اکنامک زون قائم کئے جائیں گے لہذا چین کے سرمایہ کار ٹیکنالوجی و مشینری کی منتقلی کر کے ان زونز میں دلچپی کے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز کی بنیاد پر صنعتی یونٹس لگانے پر غور کریں۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ انفراسٹریچکر کی ترقی، توانائی، تیل و گیس اور معدنیات کی تلاش، انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیکیکام، لائٹ انجینئرنگ، لاجسٹک و ٹرانسپورٹ سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں چین کے سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں جبکہ حکومت نے بیرونی سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات فراہم کر رکھی ہیں لہذا یہی مناسب وقت کے کہ چین کے سرمایہ کارپاکستان میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر چین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں درست پارٹنر تلاش کرنے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے چیمبر کا دورہ کرنے پر شینزن کے وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے موجودہ دورے سے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان دلچسپی کے شعبوں میں پائیدار کاروباری روابط قائم کرنے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :