چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں جاپان کے سفیر تکاشی کورائی سے ملاقات

پاکستان اور جاپان کے مابین موجودہ معاشی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ تجارتی عدم توازن کو کم کرنے کی ضرورت ہے ،ْصاد ق سنجرانی پاکستان جاپان کیساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات میں بہتری کیلئے پارلیمانی روابط کا فروغ انتہائی اہم ہے ،ْچیئر مین سینیٹ

پیر 9 اپریل 2018 16:36

چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں جاپان کے سفیر تکاشی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) چیئرمین سینٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کیساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ان دوستانہ تعلقات کودونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں مختلف شعبوں میں مزید وسعت دینے کا خواہش مند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین موجودہ معاشی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ تجارتی عدم توازن کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات میں بہتری کے لیے پارلیمانی روابط کا فروغ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار پارلیمنٹ ہاؤس میں جاپان کے سفیر تکاشی کورائی سے ملاقات کے دوران کیا۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستا ن اور جاپان نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کے نقطہ ء نظر کی حمایت کی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ سے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ جاپان گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے اور اس سلسلے میں وہ بلوچستان حکومت کے ذریعے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار اداکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کے لیے پاکستان کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوناچاہیے۔اس موقع پرجاپان کے سفیر نے انہیں چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔جاپان کے سفیر نے کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد پاکستان نے جاپا ن کی بھر پور مدد کی اور پہلا ملک تھا جس نے جنگ سے تباہ حال معیشت کی بحالی میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس وقت جاپان سے سامان کی ترسیل میں سہولت فراہم کی۔دونوں ملکوں کے مابین تعلقات 1952میں شروع ہوئے اور گزشتہ 65برسوں میں ان میں مزید وسعت اور استحکام آیا۔ ایک وقت کراچی جاپان کے لوگوں کا پسندیدہ مقام تھا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین پارلیمنٹ میں موجود دوستی گروپوں کو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے جاپا ن کی پارلیمنٹ میں پاکستان جاپان دوستی گروپ کے سربراہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔