پی ایس ایل کے انعقاد سے دہشت گردی کو شکست ، امن جیت گیا، پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کا کریڈٹ ٹورنامنٹ کوجاتا ہے، عوام کی بھر پور شرکت سے دنیا کو یہ پیغام گیا کہ پاکستانی پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں

صدر مملکت ممنون حسین کی پی ایس ایل کی فاتح ٹیم اور ان کی مینجمنٹ سے ملاقات میں گفتگو

پیر 9 اپریل 2018 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ٹورنامنٹ کو پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کا کریڈٹ جاتا ہے، پی ایس ایل سے قومی کرکٹ کو بہت فائدہ ہوا، پی ایس ایل کے انعقاد سے دہشت گردی کو شکست ہوئی اور امن جیت گیا، عوام کی بھر پور شرکت سے دنیا کو یہ پیغام گیا کہ پاکستانی پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔

انہوں نے یہ بات ایوان صدر میں پی ایس ایل کی فاتح ٹیم اور ان کی مینجمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو سیّد علی رضا نقوی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کرکٹ کی بحالی سے کھیلوں کی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ سے معیشت میں بہتری آئے گی، خاص طور پر کھیلوں کا سامان بنا نے والی صنعت میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں برداشت اور سپورٹس مین سپرٹ کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے اور کھلاڑی اپنی کارکردگی پر کبھی غرور نہ کریں اس سے زوال کا راستہ کھلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی جن میں شاداب، سمیع، طلعت، صاحبزادہ اور آصف شامل ہیں ان سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی فٹنس پر توجہ رکھیں اور غیر ضروری سرگرمیوں سے بچیں۔

انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ نوجوان کھلاڑی مصباح اور یونس کے نقش قدم پر چل کر روایتی حریفوں پر فتح حاصل کریں۔ اس موقع پر ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور اسلام آباد ٹیم کے انتظامیہ کے عہدیداران نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور عزم کا اظہار کیا کہ وہ قومی پرچم کی سربلندی کیلئے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔