نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کا نام لیاقت علی خان کی بجائے کس کے نام پر ہونا چاہیئے، پیپلز پارٹی نے نیا تنازعہ کھڑا کر دیا

پیر 9 اپریل 2018 16:00

نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کا نام لیاقت علی خان کی بجائے کس کے نام پر ہونا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2018ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ احسان فراموش نواز شریف بے نظیر بھٹو کی وجہ سے دس سالہ جلاوطنی کے بعد ملک میں واپس آئے ۔ نئے ایئرپورٹ کا نام بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کریں ورنہ سپریم کورٹ جائوں گا جبکہ نگران وزیر اعظم سے متعلق بدھ کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کے اتحادیوں نے ابھی تک نگران وزیر اعظم کے لئے کوئی نام تجویز نہیں کئے جبکہ ہماری پارٹی کی طرف سے اجلاس کے بعد نام سامنے آئیں گے کوشش ہے کہ نگران وزیر اعظم کے لئے اچھے شخص کا نام دیں کیونکہ اگلے الیکشن کا انحصار نگران وزیر اعظم پر ہی ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے بدھ کو نگرانی وزیر اعظم کے معاملے پر ملاقات ہو گی لیکن کوشش ہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں باضابطہ اور حتمی مشاورت کی جائے۔ خورشید شاہ نے کہاکہ 2013 کے انتخابات آر اوز الیکشن کہہ کر جمہوریت کے تسلسل کی خاطر قبول کئے ورنہ سب کو معلوم ہے کہ کیسے رات کی تاریکی میں نتائج کو تبدیل کیا گیا جبکہ احسان فراموش نواز شریف بے نظیر بھٹو کی وجہ سے دس سالہ جلاوطنی کے بعد ملک میں واپس آئے لیکن انہوں نے نئے ایئرپورٹ کا نام بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے ایئرپورٹ کا نام بے نظیر بھٹو کے نام پر نہ رکھنے پر سپریم کورٹ سے رجوع کروں گا ۔ ۔