Live Updates

قومی اسمبلی کے اجلاس: سب سے کم شرکت کرنے والوں میں علی محمد مہر اور عمران خان شامل

مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب اور خاتون رکن کرن حیدر نے اجلاسوں میں سب سے زیادہ بار شریک ہوکر ریکارڈ قائم کردیا،فافن

پیر 9 اپریل 2018 16:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2018ء) حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب احمد اور خاتون رکن کرن حیدر نے قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں سب سے زیادہ بار شریک ہوکر ریکارڈ قائم کردیا۔قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں سب سے کم شرکت کا ریکارڈ علی محمد مہر اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے حصے میں آیا۔فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک ( فافن ) نے اراکین قومی اسمبلی کی اجلاسوں میں شرکت کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب احمد اور خاتون رکن کرن حیدر نے قومی اسمبلی کے 468 میں سے 461 اجلاسوں میں شرکت کرکے ریکارڈ قائم کردیا۔

شیخ آفتاب احمد اٹک سے قومی اسمبلی کے رکن ہیں اور ہمیشہ حاضر رہنے کی وجہ سے کورم پورا کرنے کا کام بھی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

کرن حیدر خواتین کی نشست پر مسلم لیگ ن کی طرف سے قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔گھوٹکی سے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی علی محمد مہر اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بالترتیب 18 اور 20 اجلاسوں میں شریک ہوکر سب سے کم شرکت کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف چار سال قومی اسمبلی کے رکن رہے اور وہ 44 مرتبہ اسمبلی میں آئے۔مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے بھی عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور صرف 26 اجلاسوں میں شریک ہوئے۔قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں زیادہ تعداد میں شرکت کرنے والے کچھ ارکان قومی اسمبلی یہ ہیں: محمود خان اچکزئی 369 مرتبہ، جماعت اسلامی کے صاحب زادہ طارق اللہ 365 مرتبہ، پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر 350 مرتبہ، آفتاب شیرپاؤ 326 مرتبہ اور شیخ رشید احمد 280 مرتبہ شرکت کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات