کراچی کے تاجروں کا نمائندہ وفدعتیق میر کی سربراہی میں سندھ تاجر کنونشن میں شرکت کیلئے سکھر روانہ

پیر 9 اپریل 2018 15:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) کراچی کے تاجروں کا نمائندہ وفد آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی سربراہی میں سندھ تاجر کنونشن میں شرکت کیلئے سکھر روانہ ہوگیا، وفد میں سندھ تاجر اتحاد کے جنرل سیکریٹری محمد اسماعیل لالپوریہ، AKTI سپریم کونسل کے رکن سمیع اللہ خان اور دیگر تاجر نمائیندگان شامل ہیں، کنونشن منگل 10اپریل2018کو ہوگا جس کا انعقاد سکھر اسمال ٹریڈرز کی جانب سے کیا جارہا ہے جس میں نومنتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری بھی ہوگی، عتیق میر اور آل پاکستان انجمن تاجران کے سیکریٹری جنرل عبدالرزاق ببر کنونشن کے مہمانانِ خصوصی ہونگے، عتیق میر نے آج سکھر روانگی سے قبل پریس و میڈیا کو جاری کیئے گئے ایک بیان میں وفاقی بجٹ، قومی انتخابات اور نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے قبل سندھ تاجر کنونشن کے انعقاد کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بڑھتی ہوئی مالیاتی مشکلات میں تاجروں کیلئے ٹیکس سسٹم کو فرینڈلی بناکر محصولات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے، تاجرانِ پاکستان معیشت کی ڈوبتی کشتی کو سہارہ دینے کیلئے پُرعزم ہیں،چھوٹے تاجروں نے ہمیشہ ملک کے مفاد اور استحکام کیلئے قربانیاں دی ہیں لیکن اس کے باوجود ٹیکس سسٹم ہمیشہ چوروں،ڈاکوئوں اور لٹیروں کے مفادات کا احاطہ کرتا ہے، انھوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے تاجر تقریباً ایک جیسی مشکلات اور مسائل کا شکار ہیں، گذشتہ پانچ سال میں حکومت سندھ کی کوئی بھی قابلِ ذکر کارکردگی نہیں ہے، کراچی سمیت پورے سندھ کے تاجر اور عوام بدترین بلدیاتی مسائل، اسٹریٹ کرائم، پانی ، بجلی، ٹریفک و دیگر منصوبوں کی عدم موجودگی کے باعث سخت اذیت سے دوچار ہیں، انھوں نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ پورے سندھ کے تاجر یکجا اور متحد ہوجائیں اور اپنے مشترکہ مسائل کے حل کیلئے ہم آواز ہوکر بے حس حکومت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کریں، انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ FBRکی جانب سے نت نئی ٹیکس اسکیمیں متعارف کروائی جارہی ہیں لیکن ٹیکس دہندگان کیلئے کسی بھی سہولت کا اعلان نہیں کیا گیا جبکہ ٹیکس کے عوض دی جانیوالی سہولتوں اور مراعات کے بغیر ٹیکس دہندگان کی تعداد اور محصولات میں اضافہ مشکل ہوگا، انھوں نے سندھ کے تاجروں کی جانب سے مختلف فورمز پر دی گئیں دعوتوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ارادہ ظاہر کیا ہے کہ کراچی کے تاجروں کا وفد سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مختلف تقاریب میں شرکت کرے گا۔

متعلقہ عنوان :