بھارت نے آئی سی سی اجلاس میں شرکت کیلئے نجم سیٹھی کو ویزہ جاری کردیا

ویز ے مل گئے ،22اپریل کو کولکتہ میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے،کراچی میں پاک ویسٹ انڈیز سیریز کا کامیاب انعقاد یقینی طور پر اجلاس میں زیر بحث آئے گا،امید ہے آئندہ سال آئی سی سی بورڈ میٹنگ کی میزبانی پاکستان کو ملے گی،پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 9 اپریل 2018 12:50

بھارت نے آئی سی سی اجلاس میں شرکت کیلئے نجم سیٹھی کو ویزہ جاری کردیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 اپریل2018ء) کرکٹ کی عالمی تنظیم اور بھارتی حکومت کے درمیاں خاموش رابطوں کے نتیجے میں بھارتی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کو بھارت کے ویزے جاری کردیے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے تعلقات کشیدہ ہیں اور بھارتی میڈیا خدشہ ظاہر کررہا تھا کہ رواں ماہ اپر یل میں کولکتہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بورڈ کی میٹنگ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کو بھارتی ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ملائیشیا کے شہر کوالالمپور روانگی سے قبل میڈیا کو بتایا کہ انہیں اور سبحان احمد کو بھارت کے ویزے مل گئے ہیں اور وہ 22 اپریل کو کولکتہ میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی آئی سی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی کہانیوں پر بات نہیں کروں گا میں آئی سی سی کا ڈائریکٹر ہوں اور مجھے ویزے کا اجرا آئی سی سی کی ذمے داری تھی اور یہ مسلہ خوش اسلوبی سے حل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پاک ویسٹ انڈیز سیریز کا کامیاب انعقاد یقینی طور پر اجلاس میں زیر بحث آئے گا۔ پاکستان کو فوری طور پر کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی نہیں مل رہی لیکن ہم نے آئی سی سی کو درخواست دے رکھی ہے کہ پاکستان آئی سی سی بورڈ میٹنگ کی میزبانی کرنے کو تیار ہے۔نجم سیٹھی نے بتایا کہ آئی سی سی کا سالانہ اجلاس آئرلینڈ میں جون میں ہوگا جس کے بعد اکتوبر میں آئی سی سی کا ایک اور اجلاس ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔ اس بات کے امکانات ہیں کہ آئندہ سال آئی سی سی بورڈ میٹنگ کی میزبانی پاکستان کو ملے گی۔انہوں نے کہا کہ جب ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کے سربراہ پاکستان آئیں گے تو اس میٹنگ سے پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کا انہیں درست اندازہ ہوسکے گا۔