ایک خطہ، ایک سڑک منصوبہ ایشیاءاور مغرب کے درمیان رابطہ قائم کرے گا۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 9 اپریل 2018 11:21

ایک خطہ، ایک سڑک منصوبہ ایشیاءاور مغرب کے درمیان رابطہ قائم کرے گا۔وزیراعظم ..
بیجنگ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اپریل۔2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی باﺅفورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے چین پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 3 روزہ باﺅ فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے چین پہنچے جہاں وہ کانفرنس کے مرکزی موضوع ”دنیا کی وسیع ترخوشحالی کیلئے ایک آزاد اور جدید ایشیا“ پرخطاب کریں گے۔

وزیرخارجہ خواجہ آصف اور وزیرداخلہ احسن اقبال سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ،وزیراعظم باﺅفورم برائے ایشیا کے 8 سے 10 اپریل کو چین کے صوبے ہنان کے شہر باﺅ میں منعقد ہونے والے فورم کے سالانہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سمیت دیگر عالمی راہنماﺅں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ باﺅ فورم سے وزیراعظم کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں پرکامیاب عملدرآمد سے حاصل ہونے والی ترقی کو اجاگرکرنے کا موقع ملے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق باﺅ فورم ایک غیرسرکاری اور غیرمنافع بخش بین الاقوامی تنظیم ہے جس کا باضابطہ طور پرقیام 2001ءمیں عمل میں لایا گیا تھا ،جس کا مقصد ایشیا، دنیا کے دیگر ممالک اور ایشیا کے مابین گہرے اقتصادی تعاون، روابط اور تعلقات کو فروغ دینا ہے۔دریں اثناءچینی ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے ایک خطہ، ایک سڑک منصوبہ ایشیاءاور مغرب کے درمیان رابطہ قائم کرے گا۔چین کے ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں وزیر اعظم نے مزید کہا کہ گوادر بندرگاہ، ایئرپورٹ، ہائی ویز کا جال چین کے مغربی حصے اور وسط ایشیا کو گرم پانی تک لانے کے بہترین ذرائع ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :