چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی کارنیل یونیورسٹی کے طلبہ کی ملاقات،پاکستان کو خوبصورت اور پرامن ملک قرار دیا

ہفتہ 7 اپریل 2018 23:23

چیف آف  آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی کارنیل یونیورسٹی ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2018ء) پاکستان کے دورے پر آئے امریکی کارنیل یونیورسٹی کے طلبہ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے پاکستان کے پہلے دورے سے متعلق اپنے تجربات اور خیالات بیان کیے،انہوں نے پاکستان کو ایک خوبصورت اور پرامن ملک قرار دیا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق امریکی یونیورسٹی کے طلبہ نے لاہور، وادی ہنزہ، ریماؤنٹ ڈپو مونا اور اسلام آباد کا دورہ کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے طلبہ کو پاکستان اور قیام امن سے متعلق کوششوں سے آگاہ کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا نوجوان ہی ملک کے مستقبل کے رہنما ہوتے ہیں اور پاکستانی نوجوان ہرشعبے میں متحرک کردارادا کررہے ہیں۔طلبا نے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس حقیقت کے ساتھ اپنے وطن واپس جا رہے ہیں کہ پاکستان پرامن اور خوبصورت ملک ہے۔