وزیر مملکت برائے داخلہ طلال بدر چوہدری کی جڑنوالہ میںسات سالہ بچی کے گھر آمداور میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 7 اپریل 2018 22:36

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال بدر چوہدری کی جڑنوالہ میںسات سالہ بچی کے ..
فیصل آباد۔7 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2018ء)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال بدر چوہدری نے کہا ہے کہ سات سالہ بچی مبشرہ اور یونیورسٹی طالبہ عابدہ کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس اسی جذبے و ایمانداری اور تند دہی سے کام کر رہی ہے جس طرح قصور واقعہ کے ملزم کو گرفتارکرنے لیے کیا گیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچی مبشرہ کے والدین کی رہائشگاہ جڑانوالہ میں تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دونوں واقعات کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ ہے بہت جلد قاتلوں کو گرفتار کرکے ان کوکیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچی کے والدین پوسٹ مارٹم رپورٹ سے مطئمن نہ تھے جس پر سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق قبر کشائی کرکے دوبارہ پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کی جائے گی جس کے مطابق تفتیش کا دائرہ کار مزید بڑھادیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عابدہ کے قتل کے شبہ میں تین درجن سے زائد مشتبہ افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ اور فرانزک شواہد کے ذریعے سائنسی بنیادوںپر تفتیش کی جارہی ہے اور بہت جلد حقیقی ملزمان تک پہنچ جائیں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے غم زدہ خاندان سے دل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے بچی کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور اس کی مغفرت و درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔