فیصل آباد، صوبہ بھر میں منگل کو ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق آگاہی کا دن بھر پور انداز میں منایا جائے گا

ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ٹیکس ڈے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیئے اجلاس میں مختلف پروگرامز ترتیب دئیے گئے

ہفتہ 7 اپریل 2018 22:35

فیصل آباد،  صوبہ بھر میں منگل کو ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق آگاہی کا ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر منگل 10 اپریل کو صوبہ بھر میں ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق آگاہی کا دن بھر پور انداز میں منایا جائے گا اس ضمن میں مختلف پروگرامز ترتیب دئیے گئے ہیں ۔ ٹیکس ڈے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اجلاس ڈپٹی کمشنرسلمان غنی کی ہدایت پر منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خالد مسعود فروکہ نے کی ۔

اجلاس میںڈپٹی ڈائریکٹر ایکسائز ثوبیہ ملک،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر محمد سمیر ‘ انفورسمنٹ آفیسرز پنجاب ریونیو اتھارٹی وسیم سلطان ‘ میمونہ ارشاد ‘ ڈی اوفنانس ضلع کونسل ظہیر الدین ‘ میونسپل آفیسرفنانس میونسپل کارپوریشن راجہ ارشاد ‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن سردار ساجداور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق آگاہی کادن ہر سال منایاجاتا ہے جس کا مقصد عوام میں ٹیکس جمع کرانے کا شعور بیدار کرنا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیکس ڈے پر آگاہی سیمینار زرعی یونیورسٹی کے نیو سینٹ ہال میں منعقد ہو گا جبکہ آگاہی واک بھی ہو گی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کریں گے ۔ انہوں نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو تعلیمی اداروں میں ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے تقریری مقابلے منعقد کرانے کی تاکید کی اور کہا کہ تمام تر انتظامات کو فوری حتمی شکل دی جائے ۔ انہوں نے عوام الناس میں ٹیکس جمع کرانے سے متعلق آگاہی کے لئے اہم پبلک مقامات پر بینرز اورسٹیمرز آویزاں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔