پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی مفاد میں مفاہمت کی سیاست کی،راجہ پرویز اشرف

2018ء کے عام انتخابات میں اپنے سیاسی مخالفین کو سرپرائز دے گی،سابق وزیراعظم

ہفتہ 7 اپریل 2018 19:13

پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی مفاد میں مفاہمت کی سیاست کی،راجہ پرویز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی مفاد میں مفاہمت کی سیاست کی لیکن پاکستان پیپلز پارٹی 2018ء میں عام انتخابات میں اپنے سیاسی مخالفین کو سرپرائز دے گی، گزشتہ روز نیب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن کا پتہ چل جائے گا، پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک روا رکھا گیا، پیپلز پارٹی الیکشن 2018ء میں بھرپور انداز سے اترے گی، انہوں نے کہا کہ مجھے پر غریبوں کو ملازمتیں دینے کا الزام عائد ہے جبکہ ملازمتیں فراہم کرنا کوئی جرم نہیں، وہ گزشتہ 5 سال سے پیشیاں بھگت رہے ہیں، گدھے اور گھوڑے میں تمیز ہونی چاہیے، اس مقدمے میں ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے سینٹ کے الیکشن میں جو ہوا اس بارے میں پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ (ن) لیگ کو شکست ہو گی، انہوں نے کہا کہ انہیں عدالت پر پورا اعتماد ہے اور انہیں انصاف ملے گا کیونکہ وہ عدالتوں اور اداروں کا احترام کرتے ہیں۔