بھارتی اداکار سلمان خان ‘جیل سے رہا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 7 اپریل 2018 15:28

بھارتی اداکار سلمان خان ‘جیل سے رہا
ممبئی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 اپریل۔2018ء) بھارتی اداکار سلمان خان کی ضمانت منظور ہوگئی ہے اور عدالت نے انہیں جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔درخواست ضمانت کی سماعت پر سلمان خان کی بہنیں بھی عدالت میں موجودتھیں۔جودھ پورکی عدالت نے سلمان خان کو کالے ہرنوں کے غیرقانونی شکار کے الزام میں پانچ سال قید کی سز ا سنائی تھی۔

جس کے بعد انہیں سینٹرل جیل میں بند کر دیا گیاتھا۔سلمان خان کے وکلاءنے ان کی ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کی جس کی سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ آج تک کے لیے محفوظ کر لیا تھا۔عدالت نے سلمان خان کی درخواست ضمانت پر 25، 25 ہزار کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے ان کے بغیر اجازت ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے اور انہیں 7 مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

جودھ پور کی عدالت نے کالے ہرن شکار کیس میں سلمان خان کو مجرم قرار دیا تھا۔عدالت نے سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی سلمان خان نے سزا سنائے جانے کےبعد دو راتیں جیل میں گزاریں۔نایاب کالے ہرنوں کے شکار کا واقعہ 1998 میں پیش آیا تھا جب سلمان خان نے اپنی فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں کے ہمراہ راجھستان میں شکار کھیلا تھا۔ ان کے خلاف مقامی برادری نے مقدمہ درج کروایا تھا جو اس ہرن کو مقدس قرار دیتے ہیں اور راجستھان میں ان کا شکار غیر قانونی ہے۔

متعلقہ عنوان :