Live Updates

مولانا سمیع الحق کے دینی مدرسے کوخیبرپختونخوا حکومت نے قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے فنڈز جاری کئے ہیں، عمران خان

سال سے سندھ میں کرپٹ مافیا کے لوگ جو باریاں لگا رہے ہیں وہ حالات کو تبدیل نہیں کر سکتے، مافیا 2018ء میں ختم ہو جائے گی اور عوام کی حکومت ہو گی، پریس کانفرنس

جمعہ 6 اپریل 2018 22:22

مولانا سمیع الحق کے دینی مدرسے کوخیبرپختونخوا حکومت نے قومی دھارے ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2018ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے دینی مدرسے کو کے پی کے حکومت نے قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے فنڈز جاری کئے ہیں، 30 سال سے سندھ میں کرپٹ مافیا کے لوگ جو باریاں لگا رہے ہیں وہ حالات کو تبدیل نہیں کر سکتے، مافیا 2018ء میں ختم ہو جائے گی اور عوام کی حکومت ہو گی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حیدرآباد میں نہایت مصروف دن گزارا انہوں نے جامشورو روڈ پر تحریک انصاف کے دفتر کا افتتاح کیا، پریس کانفرنس سے خطاب کیا، انصاف ہائوس میں ویمن ورکرز کنونشن سے خطاب کیا، سندھی میڈیا کے ایڈیٹرز اور کاشتکار نمائندوں سے ملاقات کی جبکہ لطیف آباد، سبزی منڈی چوک اور نورانی بستی میں سازی کے لئے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا، سبزی منڈی میں اے این پی (ولی) کے قائم مقام صدر محراب گل مہمند سمیت تحریک انصاف میں شامل ہونے والے رہنمائوں کارکنوں اور گدی برادری کے افراد نے عمران خان کا استقبال کیا، لطیف آباد نمبر 8 میں اے سیکشن چوک پر کیمپ میں آمد پر مخدوم شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر عارف علوی، ڈاکٹر عامر لیاقت، حلیم عادل شیخ اور دیگر رہنماء بھی ان کے ساتھ تھے جبکہ امیر بخش بھٹو، انجینئر ایوب شر، ڈاکٹر مستنصرباللہ بھی موجود تھے، ٹنڈوالہیار تحریک انصاف کے کارکن حلیم عادل شیخ گو کے کتبے اٹھائے ہوئے تھے جنہوں نے بتایا کہ ٹنڈوالہیار میں ہزاروں لوگ کیمپ میں جمع تھے لیکن شیڈول میں شامل ہونے کے باوجود حلیم عادل شیخ نے عمران خان کو گمراہ کیا اور کیمپ کا دورہ نہیں کرنے دیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ممبرسازی کیمپوں اور سندھی میڈیا سے گفتگو اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق کے مدرسے کو کے پی کے حکومت نے مالی گرانٹ قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے جاری کی سوال یہ ہے کہ دینی مدارس کو ہم انتہاپسندی پر چلنے دیں یا قومی دھارے میں شامل کریں، نوازشریف اور بینظیر کی حکومتوں نے بھی اسی مقصد کے لئے دینی مدارس کو گرانٹ دی تھی، انہوں نے کہا کہ کراچی سندھ کا دارالحکومت ہے اور اس کو الگ کرنے کی بات کرنے کا بھی تصور نہیں کیا جا سکتا، عمران خان نے لطیف آباد میں لوگوں سے سوال کیا کہ 30 سال سے جو لوگ سندھ میں اقتدار کی باریاں لگا رہے ہیں کیا وہ حالات ٹھیک کر سکتے ہیں، وہ کوئی تبدیلی لا سکتے ہیں ہرگز نہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بھی فرمایا ہے کہ وہ کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنی حالت بدلنے کی کوشش نہ کرے، عمران خان نے کہا کہ ان شاء اللہ 2018ء میں سندھ میں مسلط مافیا سے نجات مل جائے گی آپ کی حکومت آئے گی ہم نیا پاکستان تعمیر کریں گے، انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ چوری اور کرپشن سندھ میں ہے زرداری مافیا آخری دن گزار رہا ہے، اس موقع پر ڈاکٹر عامر لیاقت اور شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کیا، عامر لیاقت نے کہا کہ تبدیلی آ چکی ہے مہاجروں اس کا استقبال کرو، عمران خان میدان میں آ گیا ہے اور کون بچائے گا پاکستان عمران خان۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات