نادرا حکام کی چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کو چیمبر میں بریفنگ

سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملے پر 12اپریل کو سپریم کورٹ آڈیٹوریم میں بریفنگ دی جائیگی ارکان پارلیمنٹ، خارجہ، داخلہ اور انسانی وسائل کے سیکرٹریز سمیت متعلقہ حکام، چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے تمام ممبران مدعو

جمعہ 6 اپریل 2018 21:41

نادرا حکام کی چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کو چیمبر میں بریفنگ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2018ء) نادرا سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملے پر 12اپریل کو سپریم کورٹ آڈیٹوریم میں بریفنگ دے گا۔ بریفنگ میں ارکان پارلیمنٹ، خارجہ، داخلہ اور انسانی وسائل کے سیکرٹریز سمیت متعلقہ حکام، چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے تمام ممبران کو مدعو کیا گیا ہے۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نادرا حکام نے گزشتہ شام چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کو چیمبر میں بریفنگ دی ۔

نادرا حکام 12 اپریل کو سپریم کورٹ آڈیٹوریم میں ارکان پارلیمنٹ، بیوروکریٹس اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی جانب سے اپوزیشن اور حکومتی بنچوںسے چھ چھ ممبران بریفنگ میں شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

کابینہ ڈویژن، آئی ٹی، قانون و انصاف، پارلیمانی امور، اوورسیز پاکستانیز کے سیکرٹریز بھی بریفنگ میں شرکت کریں گے۔اعلامیے کے مطابق خارجہ، داخلہ اور انسانی وسائل کے سیکرٹریز، چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے تمام ممبران کو بھی بریفنگ میں مدعو کیا گیا ہے۔ لمز، نسٹ، آئی بی اے کراچی، تمام صوبائی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈز اور الیکشن کمیشن کے آئی ٹی سے متعلقہ افراد بریفنگ دیں گے۔