پنجاب بھر میں 306رمضان بازار لگانے کا فیصلہ،

32ماڈل بازاربھی ہونگے رمضان بازاروں میں آٹا، گھی، چینی، سبزیاں، پھل، دالیں، گوشت اور دیگر اشیا سستے داموں فراہم کی جائینگی رمضان بازار15مئی کو آپریشنل ہوجائیں گے،مخیر افراد کے تعاون سی2 ہزار مدنی دسترخوان لگانے کا بھی فیصلہ

جمعہ 6 اپریل 2018 16:25

پنجاب بھر میں 306رمضان بازار لگانے کا فیصلہ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2018ء) پنجاب حکومت نے حسب روایت امسال بھی سستے رمضان بازارلگانے کا فیصلہ کیا ہے اور صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 306رمضان بازار لگائے جائیں گے۔جہاں آٹا، گھی، چینی، سبزیاں، پھل، دالیں، گوشت اور دیگر ضروری اشیا سستے داموں فراہم کی جائیں گی۔ آج یہاں پنجاب کابینہ کی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو رمضان بازار پلان تیار کرکے 10اپریل تک صوبائی حکومت کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ رمضان بازار 14مئی کو لگادیے جائیں گے جبکہ 15مئی کو انہیں آپریشنل کردیا جائے گا۔ ہر رمضان بازار میں محکمہ زراعت کی فیئر پرائس شاپ بھی ہوگی۔ رمضان بازاروں کے انتظامات اور سبسڈی کیلئے فنڈز مختص کرنے کی درخواست کردی گئی ہے اور ہر رمضان بازار صبح 9بجے سے شام 6بجے تک کھلا رہے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، صوبائی سیکرٹری لائیوسٹاک نسیم صادق اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیاکہ سحری اور افطار کے وقت مستحق افراد کیلئے مخیر اور صاحب ثروت افراد کے تعاون سے 2ہزار مدنی دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں 32 ماڈل رمضان بازار بھی ہوں گے۔ضلعی انتظامیہ کے افسروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ٹینٹ لگانے کی بجائے ’مارکی‘کو ترجیح دیں تاکہ گرمی، دھوپ ، بارش اور آندھی سے بچنے کا زیادہ بہتر انتظام ہوسکے۔

صوبہ بھر میں 1756پرائس مجسٹریٹوں کو اشیائے خوردنی کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے متحرک کیا جارہا ہے ۔ ذخیرہ اندوزوں کو عوام کے مفاد سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔لارڈ میئر نے تجویز دی کہ رمضان بازاروں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات یقینی بنانے کیلئے بلدیاتی نمائندوں کو بھی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں۔رمضان بازاروں کے کانٹی جینسی پلان کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب دیں گے۔

متعلقہ عنوان :